عاصم اظہر کی منگنی کی خبریں، گلوکار نے خود حقیقت بتا دی

پاکستان میوزک انڈسٹری کے مقبول ترین گلوکار عاصم اظہر نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی اپنی منگنی اور خفیہ نکاح کی خبروں پر بالآخر ردِعمل دے دیا ہے۔

گزشتہ چند روز سے انٹرنیٹ پر ایک تقریب کی جھلکیاں تیزی سے وائرل ہو رہی تھیں، جن میں شادی کی تقریب کا ماحول دکھایا گیا ہے۔ ان تصاویر میں عاصم اظہر کو روایتی شیروانی میں ملبوس جبکہ ان کے ہمراہ سبز عروسی جوڑے میں ایک دلہن کو دیکھا گیا۔

ان تصاویر کے ساتھ ہی اداکار یاسر حسین اور عاصم اظہر کے رقص کی ویڈیوز نے بھی صارفین کی توجہ حاصل کی، جس کے بعد سوشل میڈیا پر یہ قیاس آرائیاں زور پکڑ گئیں کہ گلوکار نے خاموشی سے زندگی کے نئے سفر کا آغاز کر دیا ہے۔

افواہوں کا بازار گرم ہونے پر عاصم اظہر نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام کا سہارا لیتے ہوئے مداحوں کی الجھن دور کر دی۔

اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں گلوکار نے ہلکے پھلکے انداز میں مداحوں کو مخاطب کرتے ہوئے واضح کیا کہ شادی سے متعلق کسی قسم کی پریشانی کی ضرورت نہیں اور جب بھی کوئی بات ہوگی، وہ خود سب کو بتائیں گے۔

شوبز حلقوں اور میڈیا رپورٹس کے مطابق سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے یہ مناظر کسی حقیقی شادی یا منگنی کی تقریب کے نہیں بلکہ ایک نجی موبائل فون برانڈ کے نئے اشتہار کا حصہ ہیں۔

اس کمرشل کے پرومو میں شادی کا ایک پرمسرت ماحول فلمایا گیا تھا، جس کے اسکرین شاٹس اور کلپس وائرل ہونے پر صارفین نے اسے گلوکار کی ذاتی تقریب سمجھ لیا تھا۔

واضح رہے کہ عاصم اظہر اپنی پیشہ ورانہ مصروفیات اور کنسرٹس کے ساتھ ساتھ اکثر اپنی ذاتی زندگی اور شادی سے متعلق خبروں کے باعث بھی سوشل میڈیا پر موضوعِ بحث بنے رہتے ہیں۔

Related posts