کریمیا پل پر حملے کے بعد پیوٹن کا سخت اعلان، یوکرین سے جنگ بندی مذاکرات کرنے سے انکار

صدر پیوٹن کا کہنا ہے کہ یوکرین کی جانب سے کریمیا پل کو سنگین نقصان پہنچائے جانے کے بعد روس جنگ بندی کے لیے مذاکرات نہیں کرے گا۔

چین کے شہر شینزین میں نیوز کانفرنس میں پیوٹن نے کہا کہ ماسکو کا ردعمل پُل کو پہنچنے والے نقصان سے “زیادہ تکلیف دہ” ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ماسکو ان حملوں کا جواب دے گا اور یہ جواب یوکرین کی جانب سے پل کو پہنچائے گئے نقصان سے کہیں زیادہ سخت ہوگا۔

روسی صدر نے دعویٰ کیا کہ کریمیا پل مکمل طور پر شہری استعمال کے لیے ہے اور انہوں نے ہدایت دے رکھی تھی کہ اسے فوجی سازوسامان یا گولہ بارود کی نقل و حمل کے لیے استعمال نہ کیا جائے۔ ان کے مطابق اس پل سے تیل یا پیٹرولیم مصنوعات بھی منتقل نہیں کی گئیں۔

پیوٹن نے بتایا کہ انہوں نے روس کی سلامتی کونسل کے ارکان سے سمندری اور توانائی کے بنیادی ڈھانچے پر حملے روکنے کے ممکنہ انتظامات پر بات کی تھی اور انہیں اس حوالے سے کسی معاہدے کے امکان پر غور کرنے کی ہدایت دی تھی، تاہم کریمیا پل پر حملوں کے بعد روس کا مؤقف تبدیل ہوگیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کریمیا پل دوبارہ تعمیر کیا جائے گا۔ ان کے مطابق پل کے سڑک والے حصے کو شدید نقصان پہنچا ہے، جبکہ ریلوے کا حصہ ان کے بقول بحال ہوچکا ہے۔

روسی صدر کا کہنا تھا کہ ماسکو نے ہمیشہ کریمیا اور روس کے درمیان زمینی رابطہ قائم رکھنے کی ضرورت پر زور دیا ہے، کیونکہ یوکرین کی قیادت مسلسل کریمیا پل تباہ کرنے کی بات کرتی رہی ہے۔ ان کے مطابق زاپوریزیا اور خیرسون کے راستے یہ زمینی رابطہ ممکن بنایا گیا ہے۔

پیوٹن نے مزید کہا کہ حملے کے بعد روس یوکرین کے زاپوریزیا اور خیرسون علاقوں میں اپنی موجودگی مزید مضبوط کرے گا اور اس راستے کے تحفظ کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔

Related posts