ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی، بنگلا دیشی بلے باز بڑی مشکل میں پھنس گئے
بنگلادیش کے بیٹر توحید ہردوئے جنوبی افریقا کے خلاف جوہانبسرگ ٹیسٹ میں امپائر کے فیصلے پر تنقید کرکے بڑی مشکل میں پھنس گئے جب کہ آئی سی سی نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار دیتے ہوئے کرکٹر پر میچ فیس کا 40 فیصد جرمانہ عائد کردیا۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے مطابق توحید ہردوئے نے جوہانسبرگ میں جنوبی افریقا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کے دوران ضابطہ اخلاق کے لیول ون کی خلاف ورزی کی، جس پر ان کے ڈسپلنری ریکارڈ میں دو ڈی میرٹ پوائنٹس بھی شامل کردیے گئے ہیں۔
یہ گزشتہ 24 ماہ کے دوران توحید ہردوئے کا پہلا ڈسپلنری جرم ہے۔ ان پر آئی سی سی ضابطہ اخلاق کے آرٹیکل 2.8 کی خلاف ورزی کا الزام ثابت ہوا، جس کا تعلق بین الاقوامی میچ کے دوران امپائر کے فیصلے پر عدم اطمینان ظاہر کرنے سے ہے۔
آئی سی سی کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب خراب روشنی کے باعث کھیل روک دیا گیا تھا اور فیلڈ امپائرز احسن رضا اور ایلکس وارف بنگلہ دیشی ٹیم کے ڈریسنگ روم کی بالکونی کے قریب سے گزر رہے تھے۔
اس دوران توحید ہردوئے نے امپائرز کے فیصلے پر تنقید کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ کھیل پہلے ہی روک دینا چاہیے تھا۔ انہوں نے امپائرز سے جارحانہ اور نامناسب انداز میں گفتگو کی۔
توحید ہردوئے نے اپنی غلطی تسلیم کرلی اور آئی سی سی کے ایلیٹ پینل آف میچ ریفریز کے رکن اینڈی پائکرافٹ کی جانب سے تجویز کردہ سزا قبول کرلی، جس کے بعد باضابطہ سماعت کی ضرورت پیش نہیں آئی۔
آئی سی سی کے ضابطہ اخلاق کے تحت لیول ون کی خلاف ورزی پر کم از کم باضابطہ تنبیہ اور زیادہ سے زیادہ کھلاڑی کی میچ فیس کا 50 فیصد جرمانہ عائد کیا جاسکتا ہے، جبکہ ایک یا دو ڈی میرٹ پوائنٹس بھی دیے جاسکتے ہیں۔
واضح رہے کہ جنوبی افریقا نے دو ٹیسٹ میچوں کی آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ سیریز کے پہلے میچ میں بنگلہ دیش کو 9 وکٹوں سے شکست دی تھی۔