بنگلہ دیش کے خلاف دوسرے ٹیسٹ سے قبل جنوبی افریقا کے لیے برُی خبر آگئی
جنوبی افریقا کے کپتان ٹیمبا باوما دائیں پنڈلی میں کھنچاؤ کے باعث بنگلہ دیش کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ سے باہر ہوگئے ہیں جب کہ ان کی جگہ ایڈن مارکرم ٹیم کی قیادت کریں گے۔
کرکٹ ویب سائٹ کرک انفو کے مطابق ٹیمبا باوما کو جوہانسبرگ میں بنگلہ دیش کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کے دوران دائیں پنڈلی میں کھنچاؤ کی شکایت ہوئی تھی، جس کے باعث وہ دوسرے ٹیسٹ میں ٹیم کو دستیاب نہیں ہوں گے۔
دوسرا ٹیسٹ سپر اسپورٹ پارک سنچورین میں کھیلا جائے گا، جس میں ایڈن مارکرم جنوبی افریقی ٹیم کی قیادت کریں گے جب کہ ٹیمبا باوما کی جگہ چوتھے نمبر پر بیٹنگ کے لیے متبادل کھلاڑی کی ضرورت ہوگی۔
ٹیم میں موجود ریزرو بیٹر ٹونی ڈی زورزی کو باوما کی جگہ شامل کیے جانے کا امکان ہے تاہم جنوبی افریقا جمعے کو ایک اضافی کھلاڑی کے نام کا بھی اعلان کرے گا۔ ٹیسٹ اسکواڈ میں شمولیت کے ممکنہ امیدواروں میں سینیٹیمبا کیشیلے، جارڈن ہرمن اور ڈیوڈ بیڈنگھم شامل ہیں۔
ٹیمبا باوما کو پہلے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں بیٹنگ کے دوران انجری ہوئی تھی، وہ 49 رنز پر تکلیف کے باعث ریٹائرڈ ہرٹ ہوگئے تھے تاہم بعد میں آٹھویں وکٹ گرنے پر دوبارہ بیٹنگ کے لیے میدان میں آئے اور اپنے اسکور میں مزید 19 رنز کا اضافہ کیا۔ انجری کے باعث وہ بنگلہ دیش کی دوسری اننگز میں فیلڈنگ کے لیے بھی میدان میں نہیں اترے تھے۔
جنوبی افریقا نے پہلے ٹیسٹ میں بنگلہ دیش کو 9 وکٹوں سے شکست دے کر دو میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کرلی ہے، اس کامیابی کے بعد جنوبی افریقا ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کی پوائنٹس ٹیبل پر بھی پہلے نمبر پر آگیا ہے۔
ٹیمبا باوما نے میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے انجری پر مایوسی کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ میڈیکل ٹیم کی نگرانی میں اپنی انجری کا علاج جاری رکھیں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ اپنی بیٹنگ اور ٹیم کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے اس وقفے کو استعمال کریں گے اور دسمبر میں ہونے والے چیلنجز کے لیے تیاری کریں گے۔
ٹیمبا باوما کی انجری سے صحت یابی کے لیے کوئی حتمی مدت نہیں بتائی گئی تاہم جنوبی افریقی کپتان نے اشارہ دیا کہ 17 دسمبر سے انگلینڈ کے خلاف شروع ہونے والی ٹیسٹ سیریز سے قبل ان کی واپسی مشکل ہوسکتی ہے۔
واضح رہے کہ ٹیمبا باوما فروری 2023 میں جنوبی افریقا کے کپتان مقرر ہوئے تھے۔ اس دوران وہ انجری اور دیگر مصروفیات کے باعث جنوبی افریقا کے 25 ٹیسٹ میچوں میں سے 9 میں شرکت نہیں کرسکے۔ ان کی قیادت میں جنوبی افریقا نے 16 ٹیسٹ میچ کھیلے، جن میں اسے صرف ایک شکست کا سامنا کرنا پڑا۔