بال ٹیمپرنگ اسکینڈل: پیٹ کمنز ایک بار پھر مشکل میں پھنس گئے

کیمرون بینکرافٹ کے نئے انکشافات کے بعد 2018 کے بال ٹیمپرنگ اسکینڈل نے آسٹریلوی ٹیسٹ کپتان پیٹ کمنز کو ایک بار پھر مشکل میں ڈال دیا، سابق کرکٹرز، معروف صحافیوں اور کرکٹ شائقین کی جانب سے ان سے قیادت چھوڑنے کے مطالبات سامنے آنے لگے۔

برطانوی نشریاتی ادارے کے معروف میزبان پیئرز مورگن نے بھی پیٹ کمنز کو ٹیسٹ کپتانی سے مستعفی ہونے کا مشورہ دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ بال ٹیمپرنگ کے منصوبے سے بولرز لاعلم نہیں ہوسکتے تھے۔

معروف کرکٹ صحافی پال نیومین نے بھی آسٹریلوی ٹیسٹ کپتان کے مستقبل پر سوالات اٹھا دیے ہیں۔

سوشل میڈیا پر بھی متعدد کرکٹ شائقین نے پیٹ کمنز سے کپتانی چھوڑنے کا مطالبہ کیا ہے، تاہم کچھ مداح ان کے دفاع میں سامنے آئے ہیں۔ ان کا مؤقف ہے کہ آٹھ سال پرانے واقعے کی بنیاد پر کمنز کو قیادت سے نہیں ہٹایا جانا چاہیے۔

واضح رہے کہ 2018 میں جنوبی افریقا کے خلاف کیپ ٹاؤن ٹیسٹ کے دوران آسٹریلوی کھلاڑی کیمرون بینکرافٹ کو کیمرے کی آنکھ نے گیند پر سینڈ پیپر رگڑتے ہوئے پکڑ لیا تھا۔

اس واقعے کے بعد اس وقت کے کپتان اسٹیو اسمتھ، نائب کپتان ڈیوڈ وارنر اور کیمرون بینکرافٹ کو پابندیوں کا سامنا کرنا پڑا تھا، جبکہ کرکٹ آسٹریلیا نے بھی ٹیم کے رویے اور ماحول کا جائزہ لیا تھا۔

دوسری جانب آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز نے گزشتہ ہفتے جمعے کے روز سڈنی میں پریس کانفرنس کے دوران عثمان خواجہ کے الزامات کو مسترد کردیا تھا۔

کمنز نے ان دعوؤں کو ’’سو فیصد غلط‘‘ اور ’’مکمل طور پر بے بنیاد بات‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ انہیں اس بات کا کوئی علم نہیں تھا کہ میدان میں سینڈ پیپر لے جایا گیا ہے۔ انہوں نے بال ٹیمپرنگ کے منصوبے میں مرکزی کردار ہونے کے الزام کی بھی تردید کی۔

آسٹریلوی کپتان کا کہنا تھا کہ انہیں یہ جان کر بھی حیرت ہوئی کہ عثمان خواجہ نے سینڈ پیپر استعمال کرتے وقت کیمرون بینکرافٹ کو محتاط رہنے کا مشورہ دیا تھا۔

Related posts