نیویارک: سرکاری کھانوں میں ‘حلال’ اور ‘کوشر’ کی بہتر فراہمی کا حکم جاری

امریکی شہر نیویارک کے میئر ظہران ممدانی نے سرکاری سطح پر فراہم کیے جانے والے کھانوں میں مسلمانوں کے لیے حلال اور یہودیوں کے لیے کوشر خوراک کی دستیابی بہتر بنانے کے لیے ایگزیکٹو آرڈر جاری کردیا ہے۔

نیو یارک کی شہری حکومت کی ویب سائیٹ پر جاری بیان کے مطابق ایگزیکٹو آرڈر کے تحت میئر کے دفتر برائے فوڈ پالیسی کو آئندہ ایک سال میں ایسی ہدایات تیار کرنے کا کہا گیا ہے جن کے ذریعے شہر کے مختلف سرکاری اداروں میں مذہبی غذائی اصولوں کے مطابق کھانے فراہم کرنے کا طریقہ کار بہتر بنایا جائے گا۔

نیویارک کے سرکاری ادارے ہر سال طلبہ، اسپتالوں کے مریضوں، بزرگ شہریوں اور پناہ گاہوں میں مقیم افراد سمیت مختلف طبقات کو 22 کروڑ سے زیادہ کھانے اور اسنیکس فراہم کرتے ہیں۔ ان میں سے بعض افراد کے لیے مذہبی وجوہات کی بنا پر مخصوص غذائی اصولوں پر عمل کرنا ضروری ہوتا ہے۔

میئر ممدانی کے مطابق کسی شہری کو صرف اس وجہ سے غذائیت سے بھرپور کھانا چھوڑنے پر مجبور نہیں ہونا چاہیے کہ وہ اس کے مذہبی عقائد کے مطابق نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سرکاری کھانے شہر میں رہنے والے تمام افراد کی ضروریات اور مذہبی روایات کا احترام کرتے ہوئے فراہم کیے جانے چاہییں۔

نئی پالیسی کے تحت حلال اور کوشر کھانوں کی مستند اداروں سے تصدیق، ان پر واضح لیبل لگانے اور ان میں استعمال ہونے والے اجزا کی تفصیلات فراہم کرنے کے طریقے وضع کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ سرکاری کھانے استعمال کرنے والے افراد سے سالانہ سروے کے ذریعے رائے بھی لی جائے گی۔

میئر کے دفتر برائے فوڈ پالیسی کو یہ رہنما اصول 17 نومبر 2027 تک جاری کرنے ہیں، جب کہ شہر کے سرکاری اداروں کو ان پر عمل درآمد کے لیے ہر ممکن اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ممدانی کا کہنا تھا کہ ان کا انتظامیہ خوراک کی کمی کے مسئلے سے نمٹنے کے ساتھ یہ بھی یقینی بنانا چاہتی ہے کہ سرکاری پروگراموں کے تحت فراہم کیا جانے والا کھانا معیاری، غذائیت سے بھرپور اور تمام شہریوں کے لیے قابلِ رسائی ہو۔

Related posts