غیرت کے نام پر قتل کی مبینہ تشہیر، نئے پاکستانی ڈرامے کے ٹیزر پر ناظرین برہم
پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کے نئے ڈرامے ’رسوا تیرے عشق میں‘ کا ٹیزر ریلیز ہوتے ہی سوشل میڈیا پر تنازع کا باعث بن گیا ہے۔ ٹیزر میں دکھائے گئے قتل کے منظر پر ناظرین اور سوشل میڈیا صارفین نے شدید اعتراض کرتے ہوئے اسے خواتین کے خلاف تشدد کی تشہیر قرار دیا ہے۔
ڈرامے کی مختصر جھلک میں اداکار اذان سمیع خان کو ایک خاتون کے آگ کی لپیٹ میں ہونے کے دوران وہاں سے پراعتماد انداز میں چلتے ہوئے دکھایا گیا ہے، جبکہ پس منظر میں خاتون کی چیخیں بھی سنائی دیتی ہیں۔
اس منظر نے ناظرین کو خاصا مشتعل کردیا ہے، کیونکہ ان کے مطابق کہانی میں خاتون کے ساتھ ہونے والے اس سنگین تشدد کے مقابلے میں مرد کردار کو مرکزی اور نمایاں انداز میں پیش کیا گیا ہے۔
ٹیزر سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر متعدد صارفین نے اپنے تحفظات کا اظہار کیا۔ بعض صارفین نے سوال اٹھایا کہ ایسے معاشرے میں جہاں خواتین کو تشدد اور غیرت کے نام پر قتل جیسے سنگین جرائم کا سامنا ہے، وہاں ٹی وی ڈراموں میں اس طرح کے مناظر دکھانے کی کیا ضرورت ہے؟
صارفین نے ڈرامے کے ٹیزر پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے اسے خواتین کے خلاف تشدد جیسے سنگین مسئلے کے حوالے سے غیر حساس رویہ قرار دیا ہے۔
بعض صارفین نے حال ہی میں پیش آنے والے ایک واقعے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایک شخص نے اپنی پسند سے شادی کرنے پر اپنی بہن، اس کے شوہر اور بچوں کو قتل کردیا تھا، ایسے حالات میں ٹی وی ڈرامے میں اسی نوعیت کے تشدد کو نمایاں انداز میں دکھانا افسوس ناک ہے۔
ناقدین کا کہنا ہے کہ مسئلہ صرف تشدد کا منظر دکھانا نہیں بلکہ اسے پس منظر میں موسیقی اور ہیرو جیسے انداز کے ساتھ پیش کرنا بھی ہے، جس سے مجرم کردار کو غیر ضروری طور پر پرکشش یا قابلِ قبول دکھائے جانے کا تاثر ملتا ہے۔
بعض صارفین نے خدشہ ظاہر کیا کہ ناظرین ایسے کرداروں کو پسند کرنے لگیں گے اور خواتین کے خلاف تشدد کو محبت، غیرت یا مردانگی کے نام پر درست سمجھنے کا رجحان بڑھ سکتا ہے۔ انہوں نے چینل، ڈرامے کے مصنفین، ہدایت کاروں، پروڈیوسرز اور اداکاروں کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ تفریح کے نام پر ایسے حساس موضوعات پیش کرتے وقت ان سب کو اپنی ذمہ داری کا احساس ہونا چاہیے۔
سوشل میڈیا صارفین کی تنقید ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب پاکستان میں خواتین کے خلاف تشدد اور غیرت کے نام پر قتل کے واقعات مسلسل تشویش کا باعث بنے ہوئے ہیں۔
قانون کے تحت غیرت کے نام پر قتل ایک سنگین جرم ہے، جس کی سزا عمر قید بھی ہوسکتی ہے۔ سماجی حلقوں کا مؤقف ہے کہ تفریحی پروگراموں اور ڈراموں میں ایسے حساس موضوعات کو پیش کرتے وقت خاص احتیاط کی ضرورت ہے، کیونکہ ان کے ذریعے معاشرے میں خواتین کے خلاف تشدد کے بارے میں لوگوں کی سوچ متاثر ہوسکتی ہے۔
’رسوا تیرے عشق میں‘ کی کاسٹ میں اذان سمیع خان کے ساتھ اداکارہ آئینہ آصف اور سدرہ نیازی بھی شامل ہیں۔
ٹیزر کے ساتھ جاری پیغام میں مرکزی کردار کو ایسے شخص کے طور پر متعارف کرایا گیا ہے جس نے اپنے دل کے گرد دیواریں کھڑی کرلی ہیں اور محبت سے دور رہنے کا فیصلہ کیا ہے۔