پاکستان راولپنڈی ٹیسٹ جیتنے کے قریب، سری لنکا نے 90 رنز کا ہدف دے دیا
راولپنڈی ٹیسٹ کے چوتھے روز سری لنکا کی ٹیم دوسری اننگز میں 316 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی، جس کے بعد پاکستان کو میچ جیتنے کے لیے 90 رنز کا ہدف ملا ہے۔
چوتھے روز سری لنکا نے اپنی دوسری اننگز کا آغاز 9 وکٹوں کے نقصان پر 309 رنز سے کیا، تاہم اسے مجموعی اسکور میں صرف 7 رنز کے اضافے کے بعد آخری وکٹ کا نقصان اٹھانا پڑا۔
محمد عباس نے دوسرے ہی اوور میں اسیتھا فرنانڈو کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کرکے سری لنکن اننگز کا خاتمہ کردیا۔
سری لنکا کی جانب سے ملن رتھنائیکے 66 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، جبکہ سونل دینوشا نے 54 اور کوشال مینڈس نے 53 رنز کی اننگز کھیلی۔
پاکستان کی جانب سے عامر جمال اور محمد عباس نے 3، 3 وکٹیں حاصل کیں، رضا اللہ نے 2 جبکہ ثاقب خان اور سلمان علی آغا نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل پاکستان نے سری لنکا کے پہلی اننگز کے 98 رنز کے جواب میں 325 رنز بنائے تھے اور اسے 227 رنز کی اہم برتری حاصل ہوئی تھی۔
پاکستان کی جانب سے غازی غوری 54 رنز بنا کر نمایاں رہے تھے، جبکہ اذان اویس نے 47، طیب عارف نے 46 اور رضا اللہ نے 42 رنز بنائے تھے۔
سری لنکا کی جانب سے لاہیرو کمارا نے 5 وکٹیں حاصل کیں، اسیتھا فرنانڈو نے 3 جبکہ ملن رتھنائیکے اور پرباتھ جے سوریا نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا تھا۔