ٹرمپ کا ایران پر حملے مؤخر کرنے کا فیصلہ، نیتن یاہو کی سخت مخالفت
امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے خلاف جنگ آئندہ سال تک ملتوی کردی۔ کہا وہ ایران کےمعاملے پرکوئی بھی فیصلہ کرنے میں جلد بازی نہیں کریں گے۔ نئے سال کے آغاز کے بعد دیکھیں گے کہ کیا ہوتا ہے۔
خبر رساں ادارے ایکسیوس اور اسرائیلی ٹی وی چینل 12 کو انٹرویو میں ٹرمپ کا کہنا تھا کہ وہ ایران کے حوالے سے کسی فیصلے میں عجلت نہیں کررہے اور دیکھیں گے کہ نئے سال کے آغاز کے بعد کیا صورت حال بنتی ہے۔
جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا ایران پر نیا حملہ اسی وقت کیا جائے گا جب اس سال یعنی فروری کے آغاز میں جنگ شروع کی گئی تھی تو صدر ٹرمپ نے کہا کہ اس کا امکان بھی موجود ہے۔
اسرائیلی چینل 12 کے مطابق امریکی حکام کا کہنا ہے کہ انھیں اسرائیلی وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو کی جانب سے ایران کے خلاف دوبارہ جنگ شروع کرنے کے لیے مبینہ دباؤ پر شکوک ہیں۔
صدر ٹرمپ کے انتہائی قریبی سمجھے جانے والے ایک امریکی عہدیدار نے بتایا کہ یہ دباؤ سیاسی مقاصد کے تحت ڈالا جا رہا ہے کیونکہ نیتن یاہو 27 اکتوبر کو ہونے والے انتخابات میں پارلیمان میں اکثریت کھونے کے باوجود اقتدار میں رہنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
ادھر امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے امریکی اور اسرائیلی حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ صدر ٹرمپ ایران پر بڑے پیمانے پر دوبارہ فوجی حملوں کے امکان کا جائزہ لے رہے ہیں۔
اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو چاہتے ہیں کہ امریکا چار سے سات روز تک جاری رہنے والی فضائی کارروائی میں اسرائیل کا ساتھ دے۔
رپورٹ کے مطابق ٹرمپ ایران سے متعلق اسرائیلی انٹیلی جنس کی تازہ اطلاعات پر غور کر رہے ہیں، جن میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ تہران نے اپنے میزائل اور ڈرون ہتھیاروں کے ذخائر دوبارہ بنانے اور کیمیائی و حیاتیاتی ہتھیاروں کے پروگراموں میں پیش رفت کی ہے۔
امریکی صدر مشرق وسطیٰ میں تعینات امریکی فوجی طاقت کو بھی ممکنہ کارروائی کے لیے ایک موقع کے طور پر دیکھ رہے ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ان معاملات پر بات چیت میں گزشتہ ہفتے تیزی آئی، جب اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد کے سربراہ رومن گوفمین نے واشنگٹن کا دورہ کیا اور امریکی انتظامیہ کے اعلیٰ حکام، جن میں سی آئی اے کے سربراہ جان ریٹکلف بھی شامل تھے، سے ملاقاتیں کیں۔
اسرائیلی فوج کے شعبہ ملٹری انٹیلی جنس کے سربراہ میجر جنرل شلومی بائنڈر نے بھی امریکی حکام سے بات چیت میں ایران کے خلاف فوجی کارروائیاں دوبارہ شروع کرنے کی حمایت کی۔
تاہم ایک سینئر اسرائیلی عہدیدار نے اس تاثر کو مسترد کیا کہ نیتن یاہو نے ٹرمپ پر حملے کے لیے دباؤ ڈالا ہے۔
اسرائیلی وزیراعظم کے ترجمان کا کہنا تھا کہ نیتن یاہو ہمیشہ اسرائیل کی سلامتی کے تحفظ کے لیے کام کرتے رہے ہیں۔
امریکی انتظامیہ میں اختلافات
امریکی اخبار کے مطابق ایران کے خلاف نئی فوجی کارروائی کے امکان پر ٹرمپ انتظامیہ میں اختلافات سامنے آئے ہیں۔ بعض حکام انٹیلی جنس اطلاعات کی درستگی اور دوبارہ حملوں کی ضرورت پر سوال اٹھا رہے ہیں، خصوصاً ریپبلکن پارٹی کی وسط مدتی انتخابات میں شکست کے بعد اس معاملے پر تحفظات بڑھ گئے ہیں۔
ٹرمپ گزشتہ چند ماہ کے دوران ایران جنگ کے حوالے سے کئی مرتبہ اپنا مؤقف تبدیل کر چکے ہیں۔ کبھی انہوں نے جنگ ختم ہونے کا عندیہ دیا اور کبھی ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے سے روکنے کے لیے مزید حملوں کا امکان ظاہر کیا۔