امریکی سینیٹ میں ایران کے خلاف جنگ روکنے سے متعلق قرارداد پھر مسترد
امریکی سینیٹ نے ایران کے خلاف جنگ ختم کرنے اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے جنگی اختیارات محدود کرنے کی قرارداد ایک بار پھر مسترد کردی ہے۔
دی گارجین کی رپورٹ کے مطابق امریکی سینیٹ میں پیش کی گئی قرارداد کا مقصد صدر ٹرمپ کو ایران کے خلاف فوجی کارروائیاں ختم کرنے کی ہدایت دینا اور کانگریس کی منظوری کے بغیر جنگ جاری رکھنے کے اختیارات محدود کرنا تھا۔ تاہم 48 ارکان نے قرارداد کے حق میں اور 51 نے مخالفت میں ووٹ دیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ری پبلکن سینیٹرز سوزن کولنز، لیزا مرکوسکی اور رینڈ پال نے اپنی جماعت کے بیشتر ارکان سے اختلاف کرتے ہوئے قرارداد کی حمایت کی، جبکہ ڈیموکریٹ سینیٹر جان فیٹر مین اپنی جماعت کے برعکس اس کی مخالفت کرنے والے واحد رکن تھے۔
ری پبلکن سینیٹر تھام ٹلس نے بھی اس مرتبہ قرارداد کے خلاف ووٹ دیا، حالانکہ وہ ستمبر میں ایسی ہی قرارداد کی حمایت کرچکے تھے۔
ڈیموکریٹ ارکان کا مؤقف ہے کہ صدر کو کانگریس کی منظوری کے بغیر ایران کے خلاف جنگ جاری رکھنے کا اختیار نہیں ہونا چاہیے۔ ڈیموکریٹس کا مقصد ری پبلکن ارکان کو جنگ ختم کرنے کے خلاف ووٹ دینے پر عوام کے سامنے جواب دہ بنانا بھی تھا۔
رواں سال سینیٹ میں اس نوعیت کی قرارداد پر یہ پہلا ووٹ نہیں تھا، تاہم نومبر کے وسط مدتی انتخابات کے بعد پہلی مرتبہ سینیٹ میں جنگی اختیارات سے متعلق قرارداد پر ووٹنگ ہوئی ہے۔
اس سے قبل ستمبر میں امریکی ایوان نمائندگان نے بھی ایران کے خلاف صدر کے فوجی اختیارات محدود کرنے کی قرارداد 204 کے مقابلے میں 220 ووٹوں سے منظور کی تھی، جس میں سات ری پبلکن ارکان نے ڈیموکریٹس کا ساتھ دیا تھا۔
دوسری جانب ایران جنگ کے اخراجات میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ امریکی محکمہ دفاع کے بجٹ اور تخصیصات کے امور کے ڈپٹی کمپٹرولر آرتھر ملر نے سینیٹ کی آرمڈ سروسز کمیٹی کو بتایا کہ 13 نومبر تک جنگ پر 48 ارب 30 کروڑ ڈالر خرچ ہوچکے ہیں۔ اس رقم میں گولہ بارود، فوجی سازوسامان کی تبدیلی اور آپریشنل اخراجات شامل ہیں، تاہم مشرق وسطیٰ میں امریکی فوجی تنصیبات کو پہنچنے والے تمام نقصانات اس میں شامل نہیں ہیں۔