مس یونیورس ویتنام 2026 سے صرف 48 دن میں تاج چھن گیا، تنازع شدت اختیار کرگیا
ویتنام کی 27 سالہ حسینہ نگوین کوئن آئن سے مس یونیورس ویتنام کا اعزاز ملنے کے صرف 48 دن بعد واپس لے لیا گیا۔ مقابلے کی انتظامیہ نے ان پر معطلی کے باوجود اجازت کے بغیر مختلف تقریبات میں شرکت اور پیشہ ورانہ سرگرمیاں جاری رکھنے کا الزام عائد کیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق مس یونیورس ویتنام کا انعقاد کرنے والی کمپنی فائیو سکس انٹرٹینمنٹ نے 18 نومبر کو اعلان کیا کہ نگوین کوئن آئن کا اعزاز فوری طور پر واپس لیا جا رہا ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ حسینہ نے چھ ماہ کی معطلی کے دوران انتظامیہ کی اجازت کے بغیر مختلف تقریبات میں شرکت کی اور کام کے مواقع قبول کیے۔
انتظامیہ نے ان کے ایک دوسری مینجمنٹ کمپنی کے ساتھ معاہدے پر بھی اعتراض کیا۔ کمپنی کے مطابق نگوین نے مس یونیورس ویتنام کی انتظامیہ کو اعتماد میں لیے بغیر ایک تقریب میں خصوصی معاہدے کا اعلان کیا، جس سے مقابلے کی ساکھ متاثر ہوئی۔
یہ پہلا موقع نہیں جب نگوین کوئن آئن تنازع کا سامنا کرنا پڑا ہو۔ اکتوبر میں ان کی ساتھی امیدوار اور مقابلے میں دوسری پوزیشن حاصل کرنے والی ترن مائی آئن کے ساتھ مبینہ نجی گفتگو کے اسکرین شاٹس سوشل میڈیا پر سامنے آئے تھے۔
ان پیغامات میں مبینہ طور پر دیگر امیدواروں اور مقابلے سے وابستہ افراد کے بارے میں نامناسب تبصرے کیے گئے تھے۔ اس معاملے پر نگوین نے معافی مانگتے ہوئے تسلیم کیا تھا کہ خوبصورتی کے مقابلے کا اعزاز حاصل کرنے کے بعد انہیں اپنے الفاظ اور رویے کے معاملے میں زیادہ محتاط رہنا چاہیے تھا۔
انہوں نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ ملکہ حسن کا تاج پہننے کا مطلب یہ نہیں کہ وہ غلطیاں نہیں کرسکتیں، تاہم اس اعزاز کے ساتھ زیادہ ذمہ داری بھی آتی ہے۔
اس واقعے کے بعد انتظامیہ نے 25 اکتوبر کو انہیں چھ ماہ کے لیے معطل کردیا تھا۔
نگوین نے حال ہی میں کمپنی کو بتایا تھا کہ انہیں علاج کے لیے کچھ وقت درکار ہے اور وہ طے شدہ منصوبے کے مطابق مینجمنٹ معاہدے پر دستخط نہیں کرسکتیں۔
تاہم کمپنی کا دعویٰ ہے کہ اس دوران وہ دوسری پیشہ ورانہ سرگرمیوں اور تقریبات میں حصہ لیتی رہیں۔ انتظامیہ کے مطابق ان سرگرمیوں سے غلط فہمیاں پیدا ہوئیں اور مقابلے کی ساکھ کو نقصان پہنچا، جس کے بعد ان کا تاج واپس لینے کا فیصلہ کیا گیا۔
نگوین کوئن آئن نے تاحال تاج واپس لیے جانے کے تازہ الزامات پر اپنا مؤقف عوامی سطح پر پیش نہیں کیا۔
یہ تنازع ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب پورٹو ریکو میں عالمی مس یونیورس مقابلے کا آغاز ہوچکا ہے، تاہم اس بار ویتنام کی کوئی امیدوار مقابلے میں شریک نہیں ہے۔ ویتنام نے آخری بار 2014ء میں اس مقابلے میں شرکت نہیں کی تھی۔