’دہشتگردی کے خاتمے کیلئے پاکستان کی کوششوں کی حمایت کرتے ہیں،‘ وزیراعظم شہبازشریف کے ہمراہ ترک صدر کی نیوز کانفرنس

0 minutes, 0 seconds Read

ترک صدرطیب اردوان نے مشترکہ نیوز کانفرنس میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے ساتھ دفاعی شعبے میں مشترکہ منصوبے شروع کرنا چاہتے ہیں، دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پاکستانی کوششوں کی حمایت کرتے ہیں۔ نیوز کانفرنس سے خطاب میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا دونوں ممالک نے معدنیات، آئی ٹی اور دیگر شعبوں میں تعاون پر اتفاق کیا ہے۔ دونوں رہنماؤں نے آزاد فلسطین کی حمایت کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔

انقرہ میں وزیراعظم شہبازشریف کے ہمراہ ترک صدر طیب اردوان نے نیوز کانفرنس کی، ترک صدر طیب اردوان نے اپنے خطاب میں کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کو ترکیہ میں خوش آمدید کہتے ہیں، پاکستان دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہے۔

مشترکہ نیوز کانفرنس میں ترک صدر طیب اردوان نے خطاب میں کہا کہ دہشتگردی کے خاتمے کیلئے پاکستانی کوششوں کی حمایت کرتے ہیں۔ باہمی رابطےمضبوط دوستی کی علامت ہیں، دفاعی شعبے میں مشترکہ منصوبے شروع کرنا چاہتےہیں۔

ترک صدر نے کہا کہ عالمی امور پر دونوں ممالک کے خیالات میں ہم آہنگی ہے، دونوں ممالک آزاد فلسطین کی حمایت کرتے ہیں۔ دونوں ملک آزاد اور خود مختار فلسطینی ریاست کی حمایت کرتے ہیں، غزہ میں ہونے والی بربریت کی پاکستان نے بھرپور مذمت کی۔

صدر طیب اردوان نے یہ بھی کہا کہ ہر قسم کی دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پاکستان کی کوششوں کی حمایت کرتے ہیں، دفاعی شعبے میں مشترکہ منصوبے شروع کرنا چاہتے ہیں، عالمی امور پر دونوں ملکوں کے خیالات میں مکمل ہم آہنگی ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف کا خطاب

مشترکہ نیوز کانفرنس میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ اشتراک سے باہمی تجارت کو پانچ ارب ڈالر تک لے جانے کا ہدف حاصل کر لیں گے، دفاعی اور سیکیورٹی کے شعبے میں تعاون مضبوط بنیادوں پر قائم ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے نیوز کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ ترکیہ کی مہمان نوازی پر شکر گزار ہیں، صدر اردوان نے ترکیہ کی ترقی کیلئے اہم کردار ادا کیا، صدر اردوان کی متحرک قیادت ہمارے لئے حوصلہ افزا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ترکیہ نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا، صدراردوان کا دورہ پاکستان ہمارے لئے یادگار رہے گا۔ اسرائیل غزہ میں بے گناہ لوگوں کا خون بہا رہا ہے، غزہ میں فوری طور پرجنگ بندی ہونا چاہئے۔

انھوں نے کہا کہ صدر طیب ایردوان ایک دور اندیش اور وژنری لیڈر ہیں، 2010 کے سیلاب میں آپ نے پاکستان کا دورہ کیا اور متاثرین سے بھرپور یکجہتی کا مظاہرہ کیا، 2022 کے تباہ کن سیلاب میں ایک بار پھر پاکستان کا دورہ کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہم نے مختلف شعبوں میں مشترکہ منصوبے شروع کرنے پر اتفاق کیا ہے، انسداد دہشت گردی کے لیے ترکیہ کے تعاون کے مشکور ہیں۔ دونوں ملکوں نے توانائی، کان کنی، معدنیات اور آئی ٹی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون پر اتفاق کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف کا یہ بھی کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر کی غیر متزلزل حمایت کرنے پر ترکیہ کے مشکور ہیں، شمالی قبرص کے معاملے پر ترکیہ کے مؤقف کی حمایت کرتے ہیں۔

واضح رہے کہ وزیرِاعظم شہباز شریف 2 روزہ دورے پر ترکیہ میں موجود ہیں۔ انقرہ ایئرپورٹ پر ترک وزیر دفاع نے شہباز شریف کا استقبال کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی گورنر، صدر پاک ترک کلچرل ایسوسی ایشن اور اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

Similar Posts