ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل اسلام آباد نے اسٹیٹ انجینئرنگ کارپوریشن مینجمنٹ کے پنشن فنڈ میں کروڑوں روپے فراڈ میں ملوث مرکزی ملزم طلحہ رسول کو گرفتار کرلیا۔
ملزم طلحہ رسول نے 4 کروڑ 61 لاکھ روپے سے زائد کے پنشن فنڈز میں خورد برد کی، میگا کرپشن کیس میں ملوث ملزم طلحہ رسول کو ضمانت قبل از گرفتاری خارج ہونے پر گرفتار کر لیا گیا۔
ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل اسلام آباد نے اسٹیٹ انجنئرنگ کارپوریشن مینجمنٹ پنشن فنڈ کی شکایت پر مقدمہ درج کیا تھا، ملزم کی ضمانت اسپیشل جج سینٹرل-II اسلام آباد نے دوران سماعت خارج کی۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم نے دیگر نامزد ملزمان کے ساتھ مل کر نجی بینک کی بلیو ایریا برانچ سے جعلی بینک چیکس/دستخط کے ذریعے کروڑوں روپے کی خرد برد کی، ملزم کو گرفتار کرکے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے، دیگر شریک ملزمان کی گرفتاری کے لیے بھی کارروائی جاری ہے۔