اسلام کوٹ تا چھوڑ اور بن قاسم سے پورٹ قاسم تک ریلوے لائن بچھانے کا منصوبہ

سندھ اور وفاق کے مشترکہ منصوبے کے تحت تھر کول فیلڈ تا چھوڑ تک اور بن قاسم سے پورٹ قاسم تک ریلوے لائن بچھائی جائے گی۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ منصوبے کے تحت اسلام کوٹ سے چھوڑ تک 105 کلومیٹر طویل ریلوے لائن بچھائی جائے گی، بن قاسم تا پورٹ قاسم تک 9 کلومیٹر طویل ڈبل ٹریک ریلوے لائن تعمیر کی جا رہی ہے۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ اس ریلوے لائن کے ذریعے کوئلہ تھر سے کراچی سمیت ملک کے دیگر علاقوں تک منتقل کیا جائے گا، سندھ حکومت اور وزارت ریلوے کے درمیان پچاس، پچاس فیصد کے اشتراک سے ریلوے لائن بچھائی جا رہی ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ ریلوے لائن بچھانے کے منصوبے کی مجموعی لاگت 90 ارب روپے ہے۔

سندھ کابینہ نے غور کرنے کے بعد ریلوے لائن منصوبے کے لیے 6.6 ارب روپے جاری کرنے کی منظوری دے دی۔

Similar Posts