سیف علی خان کا کرینہ کپور کے ساتھ تعلقات میں عدم تحفظ کا انکشاف

سیف علی خان اور کرینہ کپور خان کو بالی ووڈ کے مقبول ترین جوڑوں میں سے ایک قرار دیا جاتا ہے اور دونوں اسٹارز اپنی بے باک گفتگو کے لیے بھی جانے جاتے ہیں کیونکہ وہ جب بھی میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہیں تو ان کے بیانات شہ سرخی بن جاتے ہیں، ایسے ہی انڈسٹری کے چھوٹے نواب نے حالیہ انٹرویو میں کرینہ کے ساتھ تعلقات کے حوالے سے انکشافات کیے ہیں۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق دی ہالی ووڈ رپورٹر انڈیا کو انٹرویو میں سیف علی خان نے کرینہ کپور کے ساتھ اپنے رشتے کے ابتدائی دنوں کی ایک نایاب جھلک پیش کی اور کھل کر اعتراف کیا کہ جب انہوں نے ایک دوسرے کو ڈیٹ کرنا شروع کیا تو سب کچھ متوازن نہیں تھا۔

انہوں نے بتایا کہ اپنے وقت کی سب سے بڑی اسٹار کرینہ کپور کے ساتھ ڈیٹ ان کے لیے ایک بالکل نیا تجربہ تھا، ماضی کے تعلقات کے برعکس کرینہ ایک مصروف اداکارہ تھیں جو مسلسل فلموں میں کام کرنے والے اپنے ساتھی اداکاروں، کامیابی اور عوامی توجہ کا مرکز تھیں۔

سیف علی خان نے اعتراف کیا کہ شروع میں اس صورت حال کو سمجھنا اور سنبھالنا ان کے لیے بالکل بھی آسان نہیں تھا اور ابتدائی دنوں میں حسد اور عدم تحفظ کے جذبات واقعی سامنے آئے تھے۔

اپنے حوالے سے انہوں نے کہا شروع میں میں بہت آسان شخص نہیں تھا جبکہ کرینہ کو دوسرے اداکاروں کے ساتھ قریب سے کام کرتے دیکھنا بالکل نیا تجربہ تھا۔

سیف علی خان نے انکشاف کیا کہ انہیں مشورہ دیا گیا کہ اس صورت حال کو وہ یوں سمجھیں کہ جیسے کسی ہیرو کو ڈیٹ کر رہے ہوں اور یہ جملہ ان کے ذہن میں بس گیا تھا جبکہ میرے حریف ان کے دوست بن جاتے تھے اور میں سوچتا تھا کہ یہ سب کیسے ہوتا ہے۔

انٹرویو کے دوران ایک سوال پر انہوں نے اعتراف کیا کہ اس وقت یہ سب ان کے لیے خاصا الجھا ہوا تھا اور ایسے جذبات سے نمٹنے کے لیے پختگی، اعتماد اور وقت درکار ہوتا ہے اور یہ چیزیں صرف سچی وابستگی کے ساتھ ہی پروان چڑھتی ہیں۔

کرینہ کپور سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ کرینہ نہ صرف کیمرے کے سامنے ایک مضبوط اداکارہ ہیں وہ ذاتی زندگی میں تخلیقی رنگ بھر دیتی ہیں، وہ واقعی ایک غیر معمولی عورت ہیں اور کرینہ ان خواتین میں سے ہیں جو نہایت صابر اور محبت کرنے والی ہیں، وہ اسکرین پر جتنی تخلیقی ہیں اور اتنی ہی ہمارے ساتھ بھی ہیں۔

سیف علی خان نے کہا کہ نئے رشتے میں عدم تحفظ ایک مشکل جذبہ ہو سکتا ہے، خاص طور پر جب دونوں ساتھیوں کے پیشے نہایت مصروف ہوں تاہم وقت کے ساتھ محبت اور اعتماد نے مرکزی حیثیت اختیار کر لی، یہ ایسے جذبات ہیں جنہیں پختگی کے ساتھ سمجھنا اور سنبھالنا پڑتا ہے اور وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ایک دوسرے پر یقین نے انہیں شکوک و شبہات سے آگے بڑھنے میں مدد دی۔

یاد رہے کہ سیف علی خان اور کرینہ کپور کی 2012 میں شادی ہوئی اور دونوں دو بیٹے تیمور اور جہانگیر (جے) ہیں اور بچوں کی تربیت سے متعلق ان کا مؤقف ہے کہ وہ ایک دوسرے کے کیریئر کی حمایت کرتے ہوئے خاندان کو ترجیح دیتے ہیں۔

Similar Posts