پنجاب میں بھی غیر قانونی مقیم افراد کے انخلا کی مہم جاری ہے، لاہور سمیت پنجاب بھر سے اب تک 6132 غیر قانونی مقیم افراد ڈی پورٹ کروا دیے گئے جبکہ 2095 غیر قانونی مقیم افراد ہولڈنگ پوائنٹس پر موجود ہیں۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق غیر قانونی مقیم تارکین کے انخلا کی مہم کے لیے لاہور میں 5 جبکہ صوبے بھر میں 46 ہولڈنگ سینٹرز قائم ہیں، اب تک لاہور سمیت صوبے بھر سے 6132 غیر قانونی مقیم افراد ڈی پورٹ کروائے گئے جبکہ 2095 غیر قانونی مقیم افراد ہولڈنگ پوائنٹس پر موجود ہیں۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا ہے کہ پاکستان دیگر ممالک کی طرح بین الاقوامی قوانین کے تحت ڈی پورٹیشن کی پالیسی پر عمل پیرا ہے، پنجاب پولیس کے پاس 89 ہزار کے قریب غیر قانونی مقیم افراد کا تمام ڈیٹا موجود ہے جن میں اے سی سی ہولڈرز بھی شامل ہیں، وفاقی حکومت اور حساس ادارے غیر قانونی مقیم باشندوں کی ڈی پورٹیشن مہم کی مانیٹرنگ کر رہے ہیں جبکہ غیر قانونی مقیم غیر ملکی باشندوں کو قبل از وقت ملک سے چلے جانے بارے آگاہ کیا گیا تھا۔
ملک سے غیر قانونی مقیم افغانوں کی بے دخلی جاری، طور خم سرحد سے ساڑھے 3 ہزار سے زائد افراد ملک بدر
آئی جی پنجاب نے کہا کہ غیرقانونی مقیم باشندے کسی بھی قومیت سے ہوں ان کا واپس اپنے ملک جانا ضروری ہے، غیر قانونی مقیم شہریوں کے پنجاب سے انخلا کے دوران سیکیورٹی ہائی الرٹ ہے اور اس عمل میں انسانی حقوق کو مکمل طور پر مدنظر رکھا جا رہا ہے۔
خیبرپختونخوا سے افغان مہاجرین اور غیر قانونی تارکین وطن کی واپسی جاری
دوسری جانب خیبر پختونخوا سے افغان سیٹرن کارڈ کے حامل افغان مہاجرین اور غیر قانونی تارکین وطن کی افغانستان واپسی کا سلسلہ جاری ہے۔
گزشتہ روز طورخم کے راستے 2547 افراد افغان سیٹزن کارڈ کے حامل مہاجرین اور 3130 غیر قانونی تارکین وطن بھیجے گئے، یکم اپریل سے اب تک 8115 افراد افغان سیٹزن کارڈ کے حامل مہاجرین کو طورخم کے راستے افغانستان بھجوایا گیا جبکہ ستمبر 2023 سے اب تک مجموعی طور پر 4 لاکھ 91 ہزار، 317 غیر قانونی تارکین وطن کو طورخم سرحد سے افغانستان بھجوایا گیا ہے۔
رواں ماہ اب تک اسلام آباد سے 160، پنجاب سے 4931 اور گلگت بلتستان سے ایک افغان سیٹیزن کارڈ ہولڈرز کو براستہ طورخم افغانستان بھجوایا گیا ہے، مجموعی طور پر خیبر پختونخوا سے 6706، اسلام آباد سے 1573 غیر قانونی تارکین وطن کو واپس بھجوایا گیا ہے، اس کے علاوہ گلگت بلتستان سے ایک اور سندھ سے 44 غیر قانونی تارکین وطن کو افغانستان بھجوایا گیا ہے۔
ملک بھر میں آج بھی غیرقانونی مقیم افغانوں کی ملک بدری جاری، نشاندہی کیلئے ہیلپ لائن قائم
گزشتہ روز سیالکوٹ اور پنڈی سے 105 افغان مہاجرین کو ٹرانزٹ پوائنٹ پر رات قیام کے لیے ٹھہرایا گیا جن میں 20 مرد، 24 خواتین اور 61 بچے شامل تھے، افغان مہاجرین کو ضروری دستاویزی کاروائی کے بعد طورخم بارڈر سے افغانستان منتقل کیا جائے گا۔