پی ایس ایل: فرنچائزز اس مرتبہ کتنے کھلاڑیوں کو ریٹین کرسکیں گی؟

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں پی سی بی 3 جبکہ موجودہ فرنچائزز 5 پلیئرز ریٹینشنز کی خواہاں ہیں، اس حوالے سے جلد فیصلہ ہو گا۔

تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل کا 11واں ایڈیشن 26 مارچ سے 3 مئی 2026 تک ہو گا جس میں 2 نئی ٹیمیں بھی شامل ہوں گی۔

نئی ٹیموں کو مضبوط بنانے کیلیے اس بار پی سی بی موجودہ 6 فرنچائزز کو 8 پلیئرز برقرار رکھنے کی اجازت نہیں دے گا۔

ذرائع نے بتایا کہ گزشتہ دنوں اجلاس میں حکام نے فی فرنچائز 3 ریٹینشنز کی تجویز دی ہے۔

دوسری جانب فرنچائزز بھی اس حقیقت کو سمجھتی ہیں کہ نئی ٹیموں کے لیے پلیئرز ریلیز کرنا ضروری ہوں گے، البتہ وہ اپنے ایسے کھلاڑیوں سے بھی محروم نہیں ہونا چاہتیں جنہیں مداح ان کے ساتھ لازم و ملزوم سمجھتے ہیں، اسی لیے 5 پلیئرز کو برقرار رکھنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

تاہم پی سی بی کی جانب سے ابھی اس پر کوئی حتمی فیصلہ  نہیں کیا گیا۔

یاد رہے کہ چھٹی ٹیم ملتان سلطانز کی شمولیت کے وقت فرنچائزز کو 10 ریٹینشنز کی اجازت تھی۔

ذرائع نے بتایا کہ حکام کو یقین ہے کہ 8 ٹیمیں ہونے سے بھی لیگ کی کوالٹی پر کوئی فرق نہیں پڑے گا۔

حکام کا ماننا ہے کہ ملک میں بڑا پلیئرز پول موجود ہے، رواں برس کئی نوجوان کرکٹرز نے بھی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے، اسی طرح غیر ملکی بڑے نام بھی پی ایس ایل میں شرکت کے لیے بے چین ہیں۔

انگلش آل راؤنڈر کرس ووکس نے ایشیز سیریز کے لیے منتخب نہ ہونے پر ستمبر میں انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا تھا، وہ بھی پاکستانی لیگ کے دوران ایکشن میں نظر آ سکتے ہیں۔

حکام کی کوشش تھی کہ نیوزی لینڈ کے میٹ ہینری کو بھی پی ایس ایل میں لایا جائے، البتہ فاسٹ بولر کا آئی پی ایل سے معاہدہ ہو گیا ہے۔

Similar Posts