شائقین کے سخت ردعمل کے بعد فیفا نے ورلڈ کپ ٹکٹوں کی قیمتوں میں بڑی کمی کا اعلان کر دیا ہے، جس کے تحت بعض میچز کے لیے ٹکٹ صرف 60 ڈالر میں دستیاب ہوں گے۔ حتیٰ کہ فائنل کے لیے بھی وہ شائقین جو پہلے 4 ہزار 185 ڈالر ادا کرنے والے تھے، اب کم قیمت میں نشست حاصل کر سکیں گے۔
عالمی فٹبال تنظیم (فیفا) نے اعلان کیا ہے کہ شمالی امریکا میں ہونے والے آئندہ ورلڈ کپ کے لیے 60 ڈالر مالیت کے ٹکٹ ہر میچ کے لیے مختص کیے جائیں گے۔
ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق یہ ٹکٹ متعلقہ قومی فٹبال فیڈریشنز کو دیے جائیں گے، جو انہیں اپنی ٹیموں کے منتخب مداحوں میں تقسیم کریں گی، خصوصاً ایسے مداحوں کو جو ماضی میں ہوم اور باہر کے میچز میں ٹیم کا ساتھ دیتے رہے ہیں۔
فیفا کے مطابق ورلڈکپ کے ہر میچ کے لیے فی ٹیم 400 سے 750 تک ایسے کم قیمت ٹکٹ دستیاب ہوں گے، جنہیں اب ‘سپورٹر انٹری ٹیئر’ کا نام دیا گیا ہے۔ ورلڈ کپ میزبان ممالک کے 16 شہروں میں کھیلا جائے گا، جن میں امریکا کے 11 اسٹیڈیمز، کینیڈا کے دو اور میکسیکو کے تین اسٹیڈیم شامل ہیں۔
فیفا کو حالیہ چند ماہ میں مہنگے ٹکٹوں اور بعض سیاسی فیصلوں پر شدید تنقید کا سامنا تھا۔ فیفا نے واضح طور پر یہ نہیں بتایا کہ اس نے پالیسی میں اچانک یہ تبدیلی کیوں کی، تاہم بیان میں کہا گیا کہ کم قیمت ٹکٹوں کا مقصد اپنی قومی ٹیموں کے ساتھ پورے ٹورنامنٹ میں سفر کرنے والے شائقین کو فائدہ پہنچانا ہے۔
یورپ کی نمائندہ تنظیم فٹبال سپورٹرز یورپ (ایف ایس ای) نے اس اقدام کو اپنے اوپر ہونے والی سخت تنقید کو ٹھنڈا کرنے کی کوشش قرار دیا ہے۔ تنظیم کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ اس بات کا ثبوت ہے کہ فیفا کی ٹکٹنگ پالیسی عجلت میں بنائی گئی اور کوئی مشاورت نہیں کی گئی۔
واضح رہے کہ شمالی امریکا میں ہونے والا یہ ورلڈ کپ تاریخ کا پہلا ایونٹ ہوگا جس میں 48 ٹیمیں شرکت کریں گی، جبکہ اس سے قبل یہ تعداد 32 تھی۔ فیفا کو اس ٹورنامنٹ سے کم از کم 10 ارب ڈالر آمدن کی توقع ہے، تاہم اسے شائقین کے لیے اب تک کا مہنگا ترین ورلڈ کپ بھی قرار دیا جا رہا ہے۔
قیمتوں پر تنقید کے باوجود فیفا کا کہنا ہے کہ ٹکٹوں کی فروخت کے مرحلے میں اسے 2 کروڑ سے زائد ٹکٹوں کی درخواستیں موصول ہو چکی ہیں۔ رعایت کے باوجود شائقین کی اکثریت کو ماضی کے تمام ورلڈ کپس کے مقابلے میں کہیں زیادہ قیمت ادا کرنا پڑے گی۔
گزشتہ ہفتے فیفا نے ٹکٹوں کی قیمتوں کا اعلان کیا تو شریک ٹیموں کے لیے سب سے کم قیمت والے ٹکٹوں میں کوئی کوٹہ نہ رکھنے پر شائقین نے شدید برہمی کا اظہار کیا۔
گروپ مرحلے کے میچز کے لیے کم از کم قیمت 140 سے 265 ڈالر رکھی گئی تھی، جبکہ لیونل میسی کی ارجنٹینا، کرسٹیانو رونالڈو کی پرتگال، برازیل اور انگلینڈ جیسے مقبول ٹیموں کے میچز مہنگی ترین کیٹیگری میں شامل تھے۔
فیفا نے 8 سال قبل ٹورنامنٹ کی بولی کے وقت وعدہ کیا تھا کہ ناک آؤٹ مرحلے سے قبل ہزاروں ٹکٹ صرف 21 ڈالر میں دستیاب ہوں گے، تاہم اب ان وعدوں سے واضح انحراف نظر آیا۔
منگل کو ایک اور یوٹرن لیتے ہوئے فیفا نے اعلان کیا کہ فائنل کے بعد 19 جولائی تک اگر کسی فین کو رقم کی واپسی کی جاتی ہے تو اس پر کوئی انتظامی فیس نہیں لی جائے گی۔
دوسری جانب معذور شائقین کے حوالے سے بھی خدشات سامنے آئے ہیں۔ ایف ایس ای کا کہنا ہے کہ فیفا کے ری سیل پلیٹ فارم پر معذور افراد کے لیے مخصوص نشستیں کئی گنا زیادہ قیمت پر فروخت کی جا رہی ہیں اور اس بات کی کوئی ضمانت نہیں کہ یہ واقعی معذور شائقین کو ہی ملیں گی۔
تنظیم کا کہنا ہے کہ قطر ورلڈکپ کے برعکس اب معذور شائقین کے ساتھ آنے والے معاون افراد کے لیے مفت ٹکٹ بھی فراہم نہیں کیے جا رہے۔ فٹبال سپورٹرز یورپ نے فیفا پر زور دیا ہے کہ وہ محض بیانات کے بجائے عملی اقدامات کرے اور شائقین، خصوصاً معذور افراد کے ساتھ کیے گئے وعدوں کا احترام کرے۔