عالمی معیشت میں خاندانی دولت اور طاقت کی حکمرانی جاری ہے، جہاں عرب شاہی خاندانوں سے لے کر ٹیکنالوجی اور ریٹیل کی دیوہیکل سلطنتوں تک، 25 امیر ترین خاندانوں کی مجموعی دولت 2.9 ٹریلین ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔
بلوم برگ کی تازہ رپورٹ کے مطابق، یہ خاندان ایک سال میں 358.7 بلین ڈالر کی اضافی دولت کماتے ہوئے پہلے سے کہیں زیادہ مالا مال ہو گئے۔ اس اضافے کی وجہ اسٹاک مارکیٹ کی بلند رفتاری اور دھاتوں سے لے کر پالتو جانوروں کی خوراک تک کی مصنوعات کی بڑھتی ہوئی طلب ہے۔
والٹنز خاندان سرفہرست
والٹن خاندان، جو عالمی ریٹیل کی سب سے بڑی کمپنی وال مارٹ کے بانی ہیں، امیر ترین کی فہرست میں سر فہرست رہے۔ جن کی مجموعی دولت 513.4 بلین ڈالر سے تجاوز کر گئی ہے، خاندان کی کل دولت پہلی بار آدھے کھرب ڈالر سے زائد ہو گئی ہے۔ والٹن خاندان وال مارٹ کے تقریباً 44 فیصد شئیرز کے مالک ہیں، جو ان کی دولت کی بنیاد ہے۔

النہیان کی سلطنت: تیل کے ذخائر
ابوظہبی کے حکمران خاندان النہیان دوسرے نمبر پر ہے، جن کی دولت 335.9 بلین ڈالر ہے۔ اس خاندان کی دولت کئی دہائیوں کی حکمرانی اور ابوظہبی کے وسیع تیل کے ذخائر پر مبنی ہے، جبکہ خاندان کے اراکین اہم حکومتی اور نجی شعبے کی ذمہ داریاں بھی سنبھالتے ہیں۔

سعودی شاہی خاندان کی ترقی
سعودی عرب کے شاہی خاندان آلِ سعود نے اپنی دولت میں تیزی سے اضافہ کرتے ہوئے پانچویں نمبر پر جگہ بنائی، جو 2024 چھٹے نمبر پر تھا۔ ان کی 213.6 بلین ڈالر کی دولت تیل کے وسیع ذخائر، حکومتی معاہدے اور سعودی ارامکو جیسے ریاستی کمپنیوں کے ساتھ کاروبار پر ہے۔

قطری خاندان الثانی
قطر کے حکمران خاندان الثانی کی دولت 199.5 بلین ڈالر ہے، جو سمندری گیس کے میدانوں اور سیاسی برتری سے جنم لے رہی ہے۔ یہ خاندان مقامی کاروباروں کے ساتھ لندن کی جائیدادوں اور ویلنٹینو جیسی قیمتی غیر ملکی اثاثوں پر بھی قابض ہے۔ قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد ال ثانی اس خاندان کی قیادت کرتے ہیں۔

ہرمیس خاندان
فرانس کا ہرمس خاندان، جو چھٹی نسل سے لگژری فیشن ہاؤس چلا رہا ہے، 185.5 بلین ڈالر کا مالک ہے۔ خاندان برکِن جیسی مشہور برانڈز کی نگرانی کرتا ہے اور کریفلڈ اور بریثرن ہولڈنگ جیسے سرمایہ کاری اداروں کے ذریعے کاروبار اور دولت میں اضافہ کرتا ہے۔

کاچ برادران
امریکی کاچ خاندان، چارلس اور ڈیوڈ کوچ، اپنے وراثتی تیل کے کاروبار کو ایک متنوع ادارے میں تبدیل کر چکے ہیں، جس کی سالانہ آمدنی تقریباً 125 ارب ڈالر ہے۔ ان کی 150.5 بلین ڈالر کی دولت خاندانی کمپنی 1888 مینجمنٹ کمپنی کے ذریعے سنبھالی جاتی ہے۔

مارس خاندان
1902 میں فرینک مارس نے قائم کیے گئے مارس خاندان کی دولت 143.4 بلین ڈالر ہے۔ یہ سلطنت کینڈی برانڈز سے شروع ہوئی مگر اب پالتو جانوروں کی دیکھ بھال کی مصنوعات سے آدھی سے زیادہ آمدنی آتی ہے۔ جیکولین مارس، فورسٹ مارس کی بیٹی، اس خاندان کی وارث ہیں۔

امبانی خاندان
بھارتی امبانی خاندان کی 105.6 بلین ڈالر کی دولت دھیروبھائی امبانی نے استوار کی، جو اب مکیش امبانی کی قیادت میں ہے۔ یہ دنیا کی سب سے بڑی تیل ریفائنری کمپلیکس ریلائنس انڈسٹریز پر قابض ہے اور ان کا 27 منزلہ محل عالمی شہرت کا حامل ہے۔

ویرتھا ئیمر خاندان
ویرتہائمر خاندان، جو شانل فیشن برانڈ کے وارث ہیں، اس خاندان کی دولت 85.6 بلین ڈالر ہے۔ اپنے دادا کی میراث کے ساتھ ساتھ شراب خانوں اور گھوڑوں کے ریس کے کاروبار کو بھی منظم کرتے ہیں۔

تھامسن خاندان
کینیڈا کا یہ خاندان ریڈیو سے میڈیا ایمپائر بنا، جو اب تھامسن رائٹرز میں 70 فیصد شیئرز رکھتا ہے۔ ووڈ بریج کمپنی کے ذریعے یہ 7.3 بلین ڈالر سالانہ آمدنی حاصل کرتا ہے۔اس خاندان کی دولت 82.1 بلین ڈالر ہے۔

بلومبرگ کی رپورٹ بتاتی ہے کہ یہ خاندان صرف اپنی صنعتوں میں حکمرانی کے ساتھ عالمی مالیاتی اور سیاسی اثر و رسوخ بھی رکھتے ہیں۔ ان خاندانوں کی دولت میں مسلسل اضافہ عالمی معیشت کے رجحانات سے جڑا ہوا ہے اور یہ دولت عالمی معیشت پر گہرے اثرات مرتب کر رہی ہیں۔