ترجمان کراچی پورٹ ٹرسٹ (کے پی ٹی) نے تصدیق کی ہے کہ گڈز ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال کے باوجود بندرگاہوں کے آپریشن پر کوئی نمایاں اثر نہیں پڑا۔
ذرائع کے پی ٹی کے مطابق کراچی پورٹ پر درآمدی و برآمدی جہازوں کی ہینڈلنگ بلا تعطل جاری ہے اور جہازوں کی آمدورفت میں کسی قسم کی رکاوٹ پیش نہیں آئی۔ تاہم گڈز ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال کے باعث کارگو کی کلیئرنس، آمد اور روانگی جزوی طور پر متاثر ہوئی ہے، جبکہ کارگو کی ترسیل مکمل طور پر بند نہیں ہوئی۔
انتظامیہ کے مطابق اس وقت کراچی پورٹ پر 10 جہازوں سے کارگو ہینڈلنگ جاری ہے، جن میں 7 جہاز ایسٹ وہارف اور 3 جہاز آئل جیٹیوں پر لنگر انداز ہیں۔ اگلے 24 گھنٹوں کے دوران 27 جہازوں کی آمد اور 5 جہازوں کی روانگی شیڈول کے مطابق متوقع ہے۔
ذرائع کے پی ٹی کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں میں 5 جنرل کارگو جہاز، 2 خام تیل کے ٹینکر، 17 کنٹینر بردار جہاز، کیمیکل کی ترسیل کے لیے 3 اور سیمنٹ کی ترسیل کے لیے ایک جہاز بندرگاہ پر لنگر انداز ہوگا۔
ترجمان کے پی ٹی کے مطابق 24 گھنٹوں کے دوران 12 بحری جہازوں کی آمدورفت ریکارڈ کی گئی، 6 بحری جہاز برتھوں پر لنگر انداز ہوئے اور 6 بحری جہاز پورٹ سے روانہ ہوگئے، مزید دو بحری جہاز آج روانہ ہوں گے۔
آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران 12 بحری جہازوں کی آمد شیڈول ہے، 24 گھنٹوں میں ایک لاکھ 10 ہزار 145 میٹرک ٹن کارگو کی ہینڈلنگ کی گئی، 47 ہزار 899 برآمدی جبکہ 14 ہزار 981 ٹن درآمدی کارگو ہینڈل کیا گیا۔
دوسری جانب پورٹ قاسم پر بھی آپریشن اور جہازوں کی آمدورفت بلا تعطل جاری ہے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ بندرگاہوں سے کارگو ہینڈلنگ کی ذمہ داری گڈز ٹرانسپورٹرز کی ہے، تاہم مجموعی طور پر بندرگاہی سرگرمیاں معمول کے مطابق جاری ہیں۔