حکومت کے ساتھ مذاکرات کامیاب ہونے پر گڈز ٹرانسپورٹرز کا 10 روز سے جاری ہڑتال ختم کرنے کا اعلان

گڈز ٹرانسپورٹرز اور حکومت کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے ہیں جس کے بعد 10 روز سے جاری ہڑتال کو فوری ختم کرنے کا اعلان کردیا گیا ہے۔

گڈز ٹرانسپورز ایسوسی ایشن کے ترجمان کے مطابق حکومت نے بیشتر مطالبات تسلیم کرلیے جس کے بعد ہڑتال کو فوری طور پر ختم کرنے کا اعلان کردیا گیا ہے اور رات سے ہی گاڑیاں چلائی جائیں گی۔

گڈز ٹرانسپورٹرز نے حکومت سے ایکٹ میں ترمیم، ڈرائیورز اور مالکان کے خلاف ایف آئی آر، جرمانے واپس لینے کے ساتھ پورٹس پر ایک ہزار کنٹرینر کی جگہ فراہم کرنے اور پاک افغان سرحد پر پھنسی گاڑیاں نکالنے کا مطالبہ کیا تھا۔

اس کے علاوہ گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن نے ایل ٹی وی اور ایچ ٹی وی ڈرائیونگ لائسنس کیلیے ہائی ویز، موٹرویز پر موبائل یونٹس موٹروے پر لگانے کا مطالبہ بھی کیا تھا۔

گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے صدر ملک شہزاد اعوان نے کہا کہ آج بھی وفاق پنجاب اور سندھ حکومت کی کمیٹیاں یقین دہانی کروا رہے تھے کہ سارے مطالبے تسلیم کرنے کو تیار ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ حکومت اور ایسوسی ایشن کے درمیان ایک ڈرافٹ پر دستخط ہوئے جس کا کچھ دیر میں نوٹی فکیشن جاری کردیا جائے گا، معاہدے پر تمام ٹرانسپورٹرز نے دستخط کیے ہیں۔

ملک شہزاد اعوان نے ساتھ دینے پر گڈز ٹرانسپورٹرز اور دیگر کا شکریہ بھی ادا کیا۔

Similar Posts