فٹبال ورلڈ کپ 2026 کی فاتح ٹیم کوریکارڈ انعامی رقم ملے گی

فٹ بال کی عالمی گورننگ باڈی (فیفا) نے اعلان کیا ہے کہ ورلڈ کپ 2026 کی فاتح ٹیم کو 50 ملین ڈالر انعامی رقم ملے گی جو فیفا کی جانب سے ٹورنامنٹ کے لیے ریکارڈ مالی تعاون ہے۔

غیرملکی خبرایجنسی کی رپورٹ کے مطابق فٹ بال ورلڈ کپ 2026 کی مجموعی انعامی رقم 655 ملین ڈالر ہے جو قطر میں منعقدہ ورلڈ کپ 2022 کے 440 ملین ڈالر کے مقابلے میں تقریباً 50 فیصد اضافہ ہے، یہ رقم گزشتہ ورلڈ کپ میں شریک ٹیموں میں تقیسم کی گئی تھی۔

ورلڈ کپ کا انعقاد امریکا، میکسیکو اور کینیڈا کی مشترکہ میزبانی میں 11 جون سے 19 جولائی 2026 کے دوران ہو رہا ہے، جس میں پہلی مرتبہ 48 ٹیمیں حصہ لیں گی جبکہ گزشتہ ورلڈ کپ میں 32 ٹیمیں شامل تھیں۔

لیونل میسی کی قیادت میں چمپیئن بننے والی فٹ بال ٹیم کی ارجنٹینا فٹ بال ایسوسی ایشن کو 42 ملین ڈالر کی انعامی رقم ملی تھی، میسی کی ٹیم نے فائنل میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد پنالٹی شوٹ میں فرانس کو زیر کرلیا تھا۔

قطر میں منعقدہ ورلڈ کپ میں رنراپ فرانس کو 30 ملین ڈالر ملے تھے تاہم اگلے ورلڈ کپ میں فائنل میں پہنچنے والی دوسری ٹیم کو 33 ملین ڈالر کی انعامی رقم ملے گی۔

اسی طرح تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیم 29 ملین ڈالر اور سیمی فائنل میں شکست سے دوچار ہونے والی دیگر ٹیموں کو 27 ملین ڈالر ملیں گے۔

ورلڈ کپ کے گروپ مرحلے میں ہی باہر ہونے والی ٹیموں کو 9 ملین ڈالر کی رقم دی جائے گی جبکہ تمام 48 ٹیموں کو اضافی طور پر 1.5 ملین ڈالر دیے جائیں گے تاکہ تیاری کے اخراجات پورے کیے جائیں۔

Similar Posts