انتہائی باخبر ذرائع کے مطابق پاکستان اسکواش فیڈریشن نے یہ فیصلہ دونوں عالمی مقابلوں کے منتظمین کے فیصلوں کے خلاف بطور احتجاج کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان نے یو ایس اوپن جونیئر اسکواش چیمپین شپ اور صد سالہ برٹش اوپن جونیئر اسکواش چیمپین شپ2026 میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
یو ایس اوپن جونیئر چیمپئن شپ امریکی ریاست پینسلوانیا کے شہر فلیڈیلفیا میں 20 سے 23 دسمبر تک ہونی ہے جبکہ برٹش اوپن جونیئر اسکواش چیمپئن شپ2026 برمنگھم میں 2سے 6جنوری تک کھیلی جائے گی۔
دونوں عالمی جونیئر مقابلوں کے منتظمین نے پاکستانی کھلاڑیوں کی عمروں کے حوالے سے اپنے شکوک کا اظہار کرتے ہوئے ان کی کیٹیگریز کو تبدیل کردیا تھا۔
ذرائع کے مطابق عالمی اسکواش فیڈریشن اور یورپی اسکواش فیڈریشن نے منتظمین کے فیصلے کی توثیق کر دی ہے۔فیصلے کے مطابق بوائز انڈر 19ایونٹ میں رجسٹریشن کرانے والے پاکستان کے راحیل وکٹر کو انڈر 13 کیٹگری میں منتقل کیا گیا،محمد علی راجاس کو انڈر 13 سے انڈر 15، نعمان خان اور احمد ریان خان کو انڈر 15 سے انڈر 17 جب کہ اذان علی خان، محمد عمیر عارف اور عبید اللہ کو انڈر 17 سے انڈر 19 کے درجے میں منتقل کیا گیا۔اسی طرح درجنوں انٹرنیشنل ایونٹس جیتنے والی پشاور کی ماہنور علی کو گرلز انڈر 13 سے گرلز انڈر 15 کیٹگری میں منتقل کردیا گیا۔اسی طرح پاکستان کے جونیئر کھلاڑیوں عبداللہ نواز محمد یحیی خان اور دیگر کی بھی کیٹگریز کو تبدیل کر دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ بیشتر پاکستانی کھلاڑی یو ایس اوپن جونیئر میں شرکت کے لیے امریکا پہنچ چکے ہیں اور ان دنوں بھرپور پریکٹس کر رہے ہیں۔ دیگر پاکستانی کھلاڑیوں کی بھی جمعرات کو امریکا روانگی تھی۔دونوں ایونٹس کے منتظمین کے فیصلوں کی وجہ سے پاکستان اسکواش کے حلقوں میں سخت تشویش کی لہر دوڑ گئی۔
یو ایس اوپن جونیئر اور صد سالہ سالگرہ منانے والی برٹش جونیئر اوپن اسکواش چیمپین شپ میں پاکستانی کھلاڑیوں کی جانب سے گزشتہ برس کی طرح امسال بھی بہترین نتائج سامنے آنے کی توقع تھی۔