آسٹریلیا کی بگ بیش لیگ 2026 میں رنز کا سیلاب آگیا، پاکستانی فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کی برسبین ہیٹ نے بی بی ایل کا سب سے بڑا اور ٹی 20 کی تاریخ کا تیسرا بڑا ہدف حاصل کرلیا۔ پرتھ اسکارچرز کے خلاف 258 رنز کا ہدف ایک گیند قبل پورا کیا۔
کرکٹ کی ویب سائٹ کرک انفو کے مطابق بگ بیش لیگ (بی بی ایل) میں کرکٹ شائقین کو ایک تاریخی مقابلہ دیکھنے کو ملا جہاں میٹ رینشا اور جیک وائلڈرمتھ کی شاندار سنچریوں کی بدولت برسبین ہیٹ نے پرتھ اسکارچرز کے خلاف بی بی ایل کی تاریخ کا سب سے بڑا ہدف عبور کرلیا۔
میچ میں پرتھ اسکارچرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 6 وکٹوں کے نقصان پر 257 رنز بنائے، جو مختصر وقت کے لیے بی بی ایل کی دوسری بڑی اننگز ثابت ہوئی۔ اسکارچرز کی جانب سے فن ایلن اور کوپر کونولی نے دھواں دار بیٹنگ کی اور دونوں کے درمیان 64 گیندوں پر 142 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔
فن ایلن نے 38 گیندوں پر 79 رنز بنائے جب کہ کوپر کونولی نے 37 گیندوں پر 77 رنز کی اننگز کھیلی۔ دونوں بلے بازوں نے مجموعی طور پر 14 چھکے لگائے۔
جواب میں برسبین ہیٹ نے غیرمعمولی بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 258 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف 2 وکٹوں کے نقصان پر ایک گیند قبل حاصل کر لیا۔
میٹ رینشا اور جیک وائلڈرمتھ نے شاندار سنچریاں اسکور کیں۔ میٹ رینشا نے 51 گیندوں پر 102 رنز بنائے جب کہ جیک وائلڈرمتھ 54 گیندوں پر 110 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ دونوں کے درمیان 213 رنز کی شراکت قائم ہوئی جو بی بی ایل کی تاریخ کی سب سے بڑی پارٹنرشپ ہے۔
یہ بی بی ایل کی تاریخ کا سب سے بڑا اور ٹی 20 کرکٹ کا مجموعی طور پر تیسرا بڑا کامیاب ہدف ہے۔ اس سے قبل بی بی ایل میں سب سے بڑا ہدف حاصل کا ریکارڈ جنوری 2023 میں ایڈیلیڈ اسٹرائیکرز کے پاس تھا جنہوں نے 230 رنز کا ہدف حاصل کیا تھا۔
میچ میں دونوں ٹیموں نے 18،18 چھکے لگائے، جو بی بی ایل میں ایک نیا ریکارڈ ہے۔ برسبین ہیٹ کے تمام بولرز مہنگے ثابت ہوئے جب کہ شاہین شاہ آفریدی نے 4 اوورز میں 49 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی۔
میچ کے دوران برسبین ہیٹ کے کپتان نیتھن میک سوینی فیلڈنگ کے دوران ٹخنے میں انجری کا شکار ہو گئے اور بیٹنگ کے لیے دستیاب نہ رہے تاہم اس کے باوجود ٹیم نے تاریخی فتح اپنے نام کر لی۔