پاکستان بنگلادیش کو ہرا کر انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں پہنچ گیا

انڈر19 کرکٹ ایشیا کپ کے سیمی فائنل میں پاکستان نے بنگلادیش کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔ قومی ٹیم نے 122 رنز کا ہدف باآسانی 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ ایونٹ کا فائنل اتوار کو پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلا جائے گا۔

دبئی میں کھیلے گئے انڈر 19 ایشیا کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں بارش کے باعث میچ تاخیر سے شروع ہوا، بارش کے باعث میچ کو 27، 27 اوورز تک محدود کردیا گیا تاہم پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے اپنے بولرز کو آزمانے کا فیصلہ کیا اور بنگلہ دیش کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

بنگلادیشی ٹیم بارش کے باعث 27 اوورز فی اننگ تک محدود میچ میں 26.3 اوورز میں 121 رنز بناکر آل آؤٹ ہوگئی۔ بنگلا دیش کی جانب سے سمیعون بصیر 33 اور عزیز الحکیم 20 رنزبنا کر نمایاں رہے اور رفعت بیگ نے 14 رنز بنائے جب کہ دیگر کوئی کھلاڑی ڈبل فگر میں داخل نہ ہوسکا۔

پاکستان کی جانب سے عبدالسبحان نے شاندار بالنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے چار وکٹیں حاصل کیں جب کہ حذیفہ احسن نے 2، علی رضا، محمد صیام اور احمد حسین کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔

جواب میں پاکستان نے بنگلہ دیش کی جانب سے دیا گیا 122 رنز کا ہدف 17 ویں اوور میں باآسانی 2 وکٹوں پر حاصل کرلیا۔ پاکستان کی جانب سے سمیر منہاس 69 رنز کیساتھ ناقبل شکست رہے، عثمان خان نے 27 اور احمد حسین نے 11 رنز بنائے۔

اس طرح دبئی میں ہونے والے بارش سے متاثرہ دوسرے سیمی فائنل میں پاکستان نے دفاعی چیمپئن بنگلادیش کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر انڈر 19 ایشیا کے فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔

اس سے قبل آج ہی دبئی میں کھیلے گئے پہلے سیمی فائنل میں بھارت نے سری لنکا کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی تھی۔ اب انڈر 19 ایشیا کپ کا فائنل اتوار 21 دسمبر کو دبئی میں ہی کھیلا جائے گا، جہاں ایک بار پھر پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں آمنے سامنے آئیں گی۔

Similar Posts