ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ضلع شمالی وزیرستان میں فتنتہ الخوارج کے دہشت گردوں کی جانب سے سیکیورٹی فورسز کے کیمپ پر حملے کی شدید مذمت کی۔
وزیراعظم نے کاروائی میں فتنتہ الخوارج کے 4 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی کو شاباش دی اور دہشت گردوں کا مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے پاک فوج کے حوالدار محمد وقاص، نائیک خانویز، سپاہی صفیان حیدر اور سپاہی رفعت کو خراج عقیدت پیش کیا۔
وزیراعظم نے شہدا کے درجات کی بلندی کیلیے دعا اور اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا جبکہ زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کیلیے دعا کی۔
انہوں نے کہا کہ پوری قوم شہداء کو سلام پیش کرتی ہے، عزم استحکام کے ویژن کے تحت سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خلاف بڑی کامیابیاں حاصل کر رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف اس جنگ میں پوری قوم متحد ہوکر افواج پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے اور اس کے مکمل خاتمے کیلیے پُرعزم ہے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے شمالی وزیرستان کے علاقے بویا میں فتنہ الخوارج کا حملہ ناکام بنانے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین کرتے ہوئے کہا کہ فورسز نے بروقت کارروائی کرکے فتنہ الخوارج کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے حملہ ناکام بنانے پر سیکیورٹی فورسز کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو سراہا اور 4 حملہ آور خوارجیوں کو جہنم واصل کرنے پر فورسز کی ستائش کی۔
وزیرداخلہ محسن نقوی نے دہشتگردوں کے خلاف بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے سکیورٹی فورسز کے 4ا ہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا جبکہ شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کی۔
وزیرداخلہ محسن نقوی نے زخمی ہونے والے 15شہریوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا بھی کی۔ انہوں نے کہا کہ بہادر سپوتوں نے جان دے کر فتنہ الخوارج کے حملے کو ناکام بنایا، شہدا کی قربانی کو سلام پیش کرتے ہیں۔