آسٹریلیا کی بگ بیش لیگ میں ایک تاریخی مقابلہ دیکھنے میں آیا جہاں پہلی مرتبہ ایک ہی اننگز میں دو سنچریاں اسکور ہوئیں اور ساتھ ہی ایک میچ میں سب سے زیادہ چھکوں کا نیا ریکارڈ بھی بن گیا۔
جمعہ کے روز کھیلے گئے بگ بیش ٹی ٹوئنٹی میچ میں برسبین ہیٹ نے پرتھ اسکارچرز کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر کئی ریکارڈ اپنے نام کرلیے۔ برسبین میں ہونے والے اس میچ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پرتھ اسکارچرز نے 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 257 رنز بنائے۔ پرتھ کی جانب سے فن ایلن نے 79 جبکہ کوپر کونولی نے 77 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔
جواب میں برسبین ہیٹ نے 258 رنز کا بڑا ہدف آخری اوور کی پانچویں گیند پر محض 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ برسبین ہیٹ کے جیک ولڈر موتھ نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 110 رنز ناٹ آؤٹ، جبکہ میٹ رنشا نے 102 رنز کی سنچری اسکور کی۔
دونوں بیٹسمینوں نے مل کر 212 رنز کی شراکت قائم کی جو بگ بیش لیگ کی تاریخ کی سب سے بڑی پارٹنرشپ ہے، جبکہ یہ پہلا موقع تھا کہ ایک ہی اننگز میں دو سنچریاں بنیں۔
اس میچ میں دونوں ٹیموں نے مجموعی طور پر 515 رنز اسکور کیے، اور اس دوران ایک میچ میں سب سے زیادہ 36 چھکے لگانے کا ریکارڈ بھی قائم ہوا۔
258 رنز کا ہدف بگ بیش لیگ کی تاریخ کا سب سے بڑا جبکہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی تاریخ کا تیسرا بڑا ہدف ہے۔ یہ مقابلہ بگ بیش لیگ کی یادگار ترین میچز میں سے ایک ہے۔