پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز بلے باز بابراعظم نے ٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹ میں ایک اور شاندار سنگِ میل عبور کرلیا ہے۔
قومی ٹیم کے سابق کپتان بابراعظم نے سب سے زیادہ نصف سنچریاں بنانے کا عالمی ریکارڈ اپنے نام کر کے بھارتی اسٹار ویرات کوہلی کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
لاہور میں کھیلے گئے پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تیسرے ٹی 20 انٹرنیشنل میں بابر اعظم نے ذمہ دارانہ اور دلکش بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 36 گیندوں پر ناقابلِ شکست 50 رنز اسکور کیے۔ اس اننگز کے ساتھ ہی انہوں نے اپنے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کیریئر کی 39 ویں نصف سنچری مکمل کی۔
یہ بابر اعظم کا ٹی 20 انٹرنیشنل کیریئر کا 139 واں میچ تھا۔ اس سے قبل ویرات کوہلی نے 125 میچز میں 38 نصف سنچریاں اسکور کر رکھی تھیں۔
اس فہرست میں سابق بھارتی کپتان روہت شرما 37 نصف سنچریوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہیں جب کہ پاکستان کے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان 31 نصف سنچریوں کے ساتھ چوتھے اور آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر 29 نصف سنچریوں کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہیں۔
واضح رہے کہ بابر اعظم ٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی بھی ہیں۔ انہوں نے 139 اننگز میں 39.51 کی شاندار اوسط سے 4505 رنز اسکور کر رکھے ہیں۔
بابراعظم کی یہ کامیابی پاکستان کرکٹ کے لیے فخر کا لمحہ ہے اور ان کی ٹی20 میں مسلسل شاندار کارکردگی کا ثبوت بھی ہے۔