ایرانی سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ نے عیدالفطر کے موقع پر قوم کے نام پیغام میں کہا ہے کہ ایران متحد ہے، دشمن اپنے مقاصد میں ناکام ہو چکا ہے اور قومی اتحاد ہی کامیابی کی ضمانت ہے، جبکہ انہوں نے پاکستان سمیت ہمسایہ ممالک کے ساتھ بہتر تعلقات کی اہمیت پر بھی زور دیا۔
ایرانی سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے اپنے پیغام میں عیدالفطر کی مبارکباد دیتے ہوئے نئے ایرانی سال کو بہادری اور قومی اتحاد کا سال قرار دیا اور حالیہ جنگ میں ایرانی افواج کی کارکردگی کو سراہا۔
سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے کہا ہے کہ دشمن نے ایران کی طاقت کا غلط اندازہ لگایا تھا ۔ امریکا اور اسرائیل کو لگتا تھا کہ ایک یا دو دن کے حملوں کے بعد ایرانی عوام ایران میں حکومت کا تختہ الٹ دیں گے ۔ لیکن ان کے یہ سارے اندازے غلط ثابت ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ دشمن نے ایرانی قوم میں خوف اور مایوسی پھیلانے کے لیے حملے کیے، تاہم وہ اپنے مقاصد حاصل کرنے میں ناکام رہا۔ ان کے مطابق ایرانی قوم نے فوجی اور سیکیورٹی نوعیت کے تین بڑے چیلنجز کا کامیابی سے مقابلہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ ایران جنگ کے باوجود متحد ہے اور قوم کا اتحاد مزید مضبوط ہوگا، جبکہ دشمن کے عزائم ناکام بنائے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل خطے میں اختلافات پیدا کرنے کے لیے فالس فلیگ حکمت عملی استعمال کر رہا ہے۔
مجتبیٰ خامنہ ای نے کہا کہ ایران ہمسایہ ممالک کے ساتھ تعلقات بہتر بنانے کا خواہاں ہے اور خاص طور پر پاکستان کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان بہتر تعلقات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایران اس سلسلے میں ثالثی کے لیے بھی تیار ہے۔
انہوں نے ترکیہ اور عمان پر حملوں میں ایرانی مداخلت کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ان کارروائیوں میں نہ ایرانی فوج اور نہ ہی اس کے اتحادی ملوث ہیں۔
ایرانی سپریم لیڈر نے کہا کہ جنگ کے دوران قوم کا متحد رہنا انتہائی ضروری ہے، کیونکہ اتحاد ہی کامیابی کی اصل کنجی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دشمن خطے کے ممالک کے درمیان تعلقات خراب کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔
اپنے بیان میں انہوں نے واضح کیا کہ ایران کسی عام شہری یا ملک کو نشانہ نہیں بنا رہا بلکہ صرف فوجی تنصیبات کو ہدف بنایا جا رہا ہے اور یہ کارروائیاں جاری رہیں گی۔
انہوں نے کہا کہ ایرانی قوم نے مشکل حالات میں بھی روزہ اور جہاد کو ساتھ ساتھ جاری رکھا، جو اس کے عزم اور حوصلے کی عکاسی کرتا ہے، جبکہ ایرانی صدر اور قوم کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملک کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے۔
مجتبیٰ خامنہ ای کا کہنا تھا کہ ایران اپنے شہداء کے خون کا حساب لے گا اور اس حق سے دستبردار نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ایران خطے میں امن چاہتا ہے، تاہم اپنے دفاع اور شہداء کے خون کے بدلے سے پیچھے نہیں ہٹے گا۔
انہوں نے ایک بار پھر اس عزم کا اظہار کیا کہ ایرانی قوم متحد ہے اور دشمن کے تمام منصوبے ناکام بنائے جائیں گے۔