وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے قومی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ 26ویں اور 27ویں آئینی ترمیم کا بار بار ذکر کیا جاتا ہے، تاہم حقیقت یہ ہے کہ 26ویں ترمیم سے قبل بھی انصاف فراہم نہیں کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ترمیم سے پہلے بھی ادارے اور جمہوری نظام مفلوج تھے، اسی لیے بانی پی ٹی آئی بائیومیٹرک نظام کے ذریعے شفاف انتخابات کے حامی تھے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے عدالتی نظام پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ہماری عدالتیں فیصلے تو کر رہی ہیں مگر انصاف نہیں مل رہا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ جو لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ آج ان کی حکومت ہے اور وہ کل بھی محفوظ رہیں گے، وہ غلط فہمی میں ہیں۔
سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ بے گناہ ہیں اور ان کے خلاف بوگس مقدمات قائم کیے گئے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ سیاسی جماعتوں کو سیاسی جماعت ہی رہنا چاہیے اور کسی کا آلہ کار نہیں بننا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سیاسی لوگوں کے خلاف غلط روایات قائم کی جا رہی ہیں، جو جمہوریت کے لیے خطرناک ہیں۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ یہ جدوجہد جمہوریت کی مضبوطی کی جنگ ہے اور اس جنگ کو ہر صورت جیتنا ہو گا۔