پہلے کپتان اور اب مینٹور! سرفراز کا بھارت کے خلاف کرکٹ فائنلز میں شاندار ریکارڈ

پاکستان کے مایہ ناز سابق کپتان سرفراز احمد نے بطور مینٹور پہلا ٹورنامنٹ جیتا جب کہ وہ کپتان کی حیثیت سے 2 بار فائنل میں بھارت کو شکست دے چکے ہیں۔

پہلے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان اور اب انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے بطور مینٹور سرفراز احمد کا بھارت کے خلاف کرکٹ ایونٹ کے فائنل میں شاندار ریکارڈ برقرار ہے۔

پاکستان کرکٹ کی تاریخ یوں تو سنہری یادوں اور سنسنی خیز لمحات سے بھری پڑی ہے تاہم قومی کرکٹ ٹیم کے بہت سارے کپتانوں میں بلاشبہ سرفراز احمد کا نام ہمیشہ سنہری حرفوں سے لکھا جائے گا۔

پاکستان انڈر 19 ایشیا کپ کا چیمپئن بن گیا، بھارت کو بدترین شکست

پاکستان کے سابق کپتان سرفراز احمد نے بطور مینٹور اپنے پہلے ہی اسائنمنٹ میں کامیابی حاصل کرلی، جہاں ان کی لیڈر شپ میں پاکستان ٹیم نے انڈر19 ایشیا کپ 2025 کے فائنل میں بھارت کو شکست سے دوچا کیا۔ سرفراز اس سے قبل بطور کپتان بھی پاکستان کو بڑی عالمی کامیابیاں دلا چکے ہیں۔

سرفراز احمد اس سے قبل 2006 میں پاکستان انڈر 19 ٹیم کی کپتانی کرتے ہوئے ورلڈ کپ جیت چکے ہیں، جہاں فائنل میں بھارت کو شکست دی گئی تھی۔

بعد ازاں 2017 میں ان کی قیادت میں پاکستان نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی جیتی اس فائنل میں بھی بھارتی ٹیم کو شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا اور اب بطور مینٹور ایک بار پھر سرفراز احمد کی موجودگی میں پاکستان نے بھارت کے خلاف فائنل جیت کر ایک اور کامیابی حاصل کرلی۔

Similar Posts