اے این ایف نے خفیہ اطلاعات پر ضلع کیچ میں سیٹلائٹ ٹاؤن کے قریب کارروائی کرتے ہوئے منشیات برآمد کی۔
ذرائع کے مطابق برآمد شدہ منشیات میں 99 کلو آئس، 50 کلو افیون اور 73 کلوگرام چرس شامل ہے۔ ضبط کی گئی منشیات کی مجموعی مالیت تقریباً 3 کروڑ 26 لاکھ روپے ہے۔
اے این ایف ٹیم نے ایک گاڑی کی تلاشی کے دوران پلاسٹک کے کینز میں چھپائی گئی منشیات کی بھاری مقدار برآمد کی۔ کامیاب کارروائی میں ایک ملزم بھی گرفتار کیا گیا، مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس اسٹیشن اے این ایف منتقل کر دیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ منشیات اسمگلنگ کے پورے نیٹ ورک کا سراغ لگانے اور اسے بے نقاب کرنے کے لیے کوششیں جاری ہیں۔ مسلسل نگرانی، بروقت خفیہ معلومات کے حصول اور مؤثر کارروائیوں سے اے این ایف منشیات کی ترسیل کی کوششوں کو ناکام بنا رہے ہیں۔
ترجمان کے مطابق یہ کامیاب کارروائی منشیات کے استعمال اور غیر قانونی اسمگلنگ کے خلاف اے این ایف کے فرنٹ لائن کردار کی عکاس ہے۔
دوری جانب، اے این ایف نے تعلیمی اداروں کے اطراف اور ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن کیا۔
اے این ایف کی 7 کاروائیوں کے دوران 9 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، کارروائیوں میں 2 کروڑ 4 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 202.71 کلوگرام منشیات برآمد کی گئی۔
تعلیمی اداروں میں کارروائیاں
اسلام آباد میں یونیورسٹی کے قریب گاڑی سے 2.4 کلوگرام چرس برآمد کرکے 2 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ گرفتار ملزمان نے تعلیمی اداروں کے طلباء کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف کیا۔
دیگر کارروائیاں
اللہ آباد ڈسٹرکٹ قصور میں 2 موٹر سائیکل سوار سے 150 کلوگرام چرس برآمد کی گئی جبکہ ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ جی ٹی روڈ ڈسٹرکٹ نوشہرہ میں ہوٹل کے قریب گاڑی سے 4.5 کلوگرام چرس برآمد ہوئی اور ملزم گرفتار کر لیا۔
منڈی موڑ راولپنڈی کے قریب ملزم کے قبضے سے 3.6 کلوگرام چرس اور اسلام نگر لاہور کینٹ میں موٹر سائیکل سوار ملزم سے 200 گرام ویڈ برآمد کی گئی۔
بلال چورنگی کراچی میں رکشہ سے مجموعی طور پر 42 کلوگرام چرس برآمد کرکے 2 ملزمان کو گرفتار کیا گیا جبکہ ناظم آباد کراچی میں کارگو آفس میں گھڑی کے ڈبے سے 15 گرام ویڈ برآمد کی گئی۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق کاروائیوں کا انسداد منشیات ایکٹ 1997 کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔