ماسکو: روسی جنرل کار میں نصب بم دھماکے میں ہلاک

روس کے دارالحکومت ماسکو میں ایک دھماکے کے نتیجے میں روسی فوج کے لیفٹیننٹ جنرل فانل سارواروف ہلاک ہو گئے۔ روس کے تحقیقی کمیٹی کے مطابق دھماکہ پیر کی صبح ایک کار کے نیچے نصب بم پھٹنے سے ہوا۔

برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق روس کی تحقیقاتی کمیٹی نے بتایا ہے کہ فانل سارواروف روسی مسلح افواج کے آپریشنل ٹریننگ ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ تھے۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ دھماکے کی ایک ممکنہ وجہ کے طور پر یوکرینی انٹیلی جنس سروسز کے ملوث ہونے کا امکان زیرِ غور ہے، تاہم یوکرین کی جانب سے ابھی تک کوئی ردعمل نہیں آیا ہے۔

تحقیقات کے لیے ماہرین کو دھماکے کے مقام پر بھیجا گیا ہے۔ روسی میڈیا کے مطابق یہ دھماکہ ایک اپارٹمنٹ بلڈنگ کے قریب کار پارکنگ میں ہوا ہے۔

تفتیشی ٹیمیں دھماکے کے مقام پر پہنچ چکی ہیں اور ابتدائی معلومات کے مطابق دھماکہ ایک کار پارک میں ہوا، جو ایک اپارٹمنٹ بلڈنگ کے قریب واقع ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل ایک روسی فوج کے لیفٹیننٹ جنرل ایگور کیریلوف کو یوکرین کی سیکیورٹی سروس نے گزشتہ برس 17 دسمبر کو ہلاک کیا تھا، تاہم اس کی کبھی سرکاری طور پر تصدیق نہیں ہوئی تھی، جبکہ ایک اور روسی جنرل یاروسلاو موسکالیک اپریل میں ماسکو میں ایک کار بم حملے میں ہلاک ہوگئے تھے۔

Similar Posts