کراچی ائیرپورٹ پر انسانی اسمگلنگ اور جنسی استحصال نیٹ ورک بے نقاب

وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی اے) امیگریشن کی کراچی ایئرپورٹ پر کارروائی کے دوران انسانی اسمگلنگ اور جنسی استحصال میں ملوث نیٹ ورک بے نقاب ہوا اور ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔

ایف آئی اے کے مطابق ایف آئی اے امیگریشن کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں بڑا نیٹ ورک پکڑا گیا اور کراچی ایئرپورٹ پر دبئی جانے والی دو خواتین مسافروں کو امیگریشن کلیئرنس کے دوران آف لوڈ کردیا گیا جن کا سیاحتی ویزے کی آڑ میں مساج سینٹرز میں ملازمت کا انکشاف ہوا۔

بیان میں کہا گیا کہ فیصل آباد کی رہائشی خاتون نے جنسی استحصال نیٹ ورک میں ملوث ہونے کا اعتراف کرلیا، ملزمہ فیس بک اور واٹس ایپ کے ذریعے خواتین کو بھرتی کرتی رہی ہیں۔

اس حوالے سے بتایا گیا کہ متحدہ عرب امارات میں موجود سہولت کار کی مالی معاونت کا بھی انکشاف ہوا ہے اور کراچی کے علاقے اعظم ٹاؤن میں خواتین کو ٹھہرایا جاتا رہا ہے۔

کارروائی کے دوران شو منی اور سفری انتظامات کرنے والا مرکزی ملزم بھی گرفتار ہوا، ملزمان کے متعدد موبائل فونز سے واٹس ایپ چیٹس اور وائس نوٹس برآمد ہوئے ہیں۔

ایف آئی اے نے بتایا کہ انسانی اسمگلنگ کیس میں تمام ملزمان اینٹی ہیومن ٹریفک سرکل کے حوالے کردیے گئے ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ اس حوالے سے مزید گرفتاریوں اور قانونی کارروائی کا امکان ہے۔

Similar Posts