وفد کی قیادت این بی آر کے رکن انٹرنیشنل ٹیکسز محمد لطفل عظیم کر رہے ہیں جبکہ وفد میں رکن ٹیکس ایڈمنسٹریشن جی ایم عبد الکلام کائیکوباد، بیریسٹر متصم بلال فاروقی فرسٹ سیکریٹری ٹیکس پالیسی، محمد عبد الرکیب کمشنر آف ٹیکسز، محمد جعفر امام فرسٹ سیکریٹری ٹیکس پالیسی، دیوان محمد غلام کبریا سیکنڈ سیکریٹری اور عتیق الاسلام سینئر اسسٹنٹ سیکریٹری شامل ہیں۔
اس موقع پر بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر/سفیر محمد اقبال حسین خان نے چیئرمین ایف بی آر رشید محمود لنگڑیال سے ملاقات کی ہے اس ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور بنگلہ دیش کے مابین تاریخی اور برادرانہ تعلقات کا اعادہ کیا اور باہمی تجارت کے فروغ کے ساتھ ساتھ معاشی تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا ہے۔
ملاقات کے دوران یہ بھی طے پایا کہ دونوں ممالک کی بین الاقوامی ٹیکس سے متعلق تکنیکی ٹیمیں موجودہ ڈبل ٹیکسیشن معاہدے کا جائزہ لیں گی اور اسے بدلتے ہوئے عالمی معیارات سے ہم آہنگ بنانے کے لیے بات چیت کریں گی، اس سلسلے میں عملی پیش رفت کے لیے باقاعدہ مذاکرات اور تکنیکی مشاورت جاری رکھنے پر زور دیا گیا ہے۔
پاکستان کے دورے پر آیا ہوا بنگلہ دیش کے نیشنل بورڈ آف ریونیو کا ایک اعلیٰ سطح وفد 26 دسمبر 2025 تک پانچ روزہ سرکاری دورے پر پاکستان رہے گا اس دورے کا مقصد پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان آمدنی پر ٹیکس سے متعلق دوہرے ٹیکس سے بچاؤ اور مالی بے ضابطگیوں کی روک تھام کے موجودہ کنونشن میں ترمیم کے لیے پروٹوکول پر مذاکرات کا آغاز کرنا ہے۔
دورے کے پہلے روز بنگلہ دیشی وفد کا استقبال ایف بی آر کے ممبر ایڈمنسٹریشن اقبال خان اور ڈائریکٹر جنرل انٹرنیشنل ٹیکسز آفتاب عالم نے کیا۔ اس موقع پر دونوں فریقین کے درمیان بین الاقوامی ٹیکس کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا اور تجربات شیئر کیے گئے۔
دونوں جانب سے اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ باقاعدہ روابط اور ملاقاتوں کے ذریعے ادارہ جاتی تعاون کو مزید فروغ دیا جائے گا تاکہ دوطرفہ اقتصادی تعلقات کو نئی جہت دی جا سکے۔