ماہرینِ غذائیت کے مطابق صبح کا پہلا مشروب ایسا ہونا چاہیے جو جسم کو ہائیڈریٹ کرے، میٹابولزم کو تیز کرے، ہاضمے کو بہتر بنائے اور اضافی کیلوریز جلانے میں مدد دے۔ یہی عوامل مل کر آہستہ آہستہ اور قدرتی انداز میں وزن کم کرنے میں معاون ثابت ہوتے ہیں۔
ذیل میں ماہرِ غذائیت کی جانب سے تجویز کردہ سات ایسے صبح کے مشروبات پیش کیے جا رہے ہیں جو کافی کے بغیر بھی وزن گھٹانے میں مدد دے سکتے ہیں۔
1۔ نیم گرم لیموں پانی
لیموں پانی صبح کے وقت سب سے آسان اور مؤثر مشروب مانا جاتا ہے۔ لیموں میں وٹامن سی وافر مقدار میں ہوتا ہے جو میٹابولزم کو بہتر بنانے میں مددگار ہے۔ اس کے علاوہ، صبح نہار منہ لیموں پانی پینے سے جسم میں پانی کی کمی پوری ہوتی ہے، ہاضمہ بہتر ہوتا ہے اور غیر ضروری بھوک میں کمی آتی ہے۔
اکثر لوگ پیاس کو بھوک سمجھ لیتے ہیں، جس کے باعث اضافی کھانا کھا لیا جاتا ہے۔ نیم گرم لیموں پانی اس مسئلے سے بچاتا ہے اور وزن کم کرنے کے عمل کو سہل بناتا ہے۔
2۔ ناریل پانی
ناریل پانی قدرتی طور پر میٹھا، ہلکا اور توانائی سے بھرپور مشروب ہے۔ اس میں پوٹاشیم، میگنیشیم اور دیگر الیکٹرولائٹس موجود ہوتے ہیں، جبکہ کیلوریز نہایت کم ہوتی ہیں۔ صبح کے وقت میٹھے یا مصنوعی مشروبات کی جگہ ناریل پانی پینا وزن کم کرنے میں مدد دیتا ہے اور جسم کو تروتازہ رکھتا ہے۔
3۔ ہربل چائے
پودینے، دار چینی، ادرک یا کیمومائل جیسی ہربل چائے کیفین کے بغیر ہلکا پھلکا میٹابولک فائدہ فراہم کرتی ہیں۔ ادرک کی چائے بھوک کم کرنے اور ہاضمے کو بہتر بنانے میں مدد دیتی ہے، جبکہ دار چینی کی چائے شوگر لیول کو متوازن رکھنے میں معاون سمجھی جاتی ہے۔ یہ چائے صبح کے وقت پیٹ کی سوجن کم کرنے میں بھی مددگار ہیں۔
4۔ گرین ٹی
گرین ٹی میں اینٹی آکسیڈنٹس اور ایسے قدرتی اجزا پائے جاتے ہیں جو جسم میں چربی جلانے کے عمل کو تیز کرتے ہیں۔ ماہرین کے مطابق گرین ٹی ہلکی سطح پر میٹابولزم بڑھاتی ہے، خاص طور پر جب اسے متوازن ناشتے کے ساتھ استعمال کیا جائے۔
5۔ ہلدی والا دودھ
ہلدی والا دودھ عام طور پر وزن کم کرنے کے لیے نہیں سوچا جاتا، مگر اس میں موجود کرکیومن جسم میں سوزش کم کرنے میں مدد دیتا ہے۔ سوزش کا تعلق وزن بڑھنے سے بھی جوڑا جاتا ہے۔ صبح کے وقت نیم گرم ہلدی والا دودھ پینا آنتوں کی صحت اور مجموعی میٹابولک نظام کے لیے مفید ہو سکتا ہے۔
6۔ چھاچھ
دیسی طریقہ علاج میں چھاچھ ہاضمے کےلیے بہترین مشروب ہے اور ہر جسمانی ساخت کے لیے موزوں ہے۔ دہی کے مقابلے میں چھاچھ ہلکی ہوتی ہے اور جلد ہضم ہوجاتی ہے۔ وزن کم کرنے کے لیے ماہرین مشورہ دیتے ہیں کہ چھاچھ میں پانی زیادہ اور دہی کم رکھا جائے تاکہ کیلوریز کم رہیں اور پیٹ دیر تک بھرا محسوس ہو۔
7۔ بلٹ پروف کافی
بلٹ پروف کافی، یعنی بلیک کافی میں دیسی گھی شامل کرکے بنائی جانے والی کافی، میٹابولزم کو سہارا دینے کے لیے جانی جاتی ہے۔ دیسی گھی میں موجود ایم سی ٹی فیٹس جسم کو توانائی فراہم کرتے ہیں اور چربی جلانے کے عمل میں مددگار ہو سکتے ہیں۔
اگر آپ کافی نہیں پیتے تو بلٹ پروف چائے بھی اسی طرح فائدہ دے سکتی ہے، تاہم اسے اعتدال میں اور متوازن غذا کے ساتھ استعمال کرنا ضروری ہے۔
یہ تمام صبح کے مشروبات صحت بخش، ہائیڈریٹنگ اور وزن کم کرنے کے لیے معاون ثابت ہوسکتے ہیں۔ اگر آپ قدرتی اور پائیدار طریقے سے وزن گھٹانا چاہتے ہیں تو کافی کے بجائے ان میں سے کسی ایک کو اپنی صبح کا حصہ بنا کر ضرور آزمائیں۔