عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق دنیا بھر میں کرسمس کے مقبول گیت ’’ڈرائیونگ ہوم فار کرسمس‘‘ سے شہرت حاصل کرنے والے برطانوی گلوکار اور نغمہ نگار کرس ریا 74 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔
ان کے اہل خانہ کے ترجمان نے وفات کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ مڈلزبرا میں پیدا ہونے والے کرس ریا مختصر علالت کے بعد اسپتال میں پُرسکون حالت میں خالق حقیقی سے جا ملے۔
1951 میں ایک اطالوی والد اور آئرش والدہ کے ہاں پیدا ہونے والے کرس ریا کے مشہور گیتوں میں فول، دی بلو کیفے، نَتھنگ ٹو فیئر اور واٹر سائن نمایاں ہیں۔
موسیقی کی دنیا میں قدم رکھنے سے قبل وہ اپنے والد کی آئس کریم شاپ میں مزدوری بھی کرتے رہے اور 1974 میں بطور سولو آرٹسٹ اپنے کیریئر کا آغاز کیا۔
ابتدائی مشکلات کے باوجود ان کی قسمت نے 1985 میں واٹر سائن البم کے بعد کروٹ لی اور 1980 کی دہائی کے آخر میں وہ اپنے کیریئر کے عروج پر پہنچ گئے۔
ڈرائیونگ ہوم فار کرسمس، جو اصل میں 1986 میں ریکارڈ کیا گیا تھا، وقت کے ساتھ ساتھ کرسمس کا لازمی حصہ بن گیا اور 2021 میں برطانوی میوزک چارٹس میں دسویں نمبر تک پہنچا۔
کرس ریا کو زندگی میں صحت کے سنگین مسائل کا بھی سامنا رہا۔ وہ لبلبے کے کینسر میں مبتلا رہے، 2016 میں فالج کا شکار ہوئے اور 2017 میں اسٹیج پر گر پڑنے کے واقعے کے بعد ان کی صحت مزید متاثر ہو گئی تھی۔
کرس ریا نے تقریباً پانچ دہائیوں پر محیط اپنے شاندار کیریئر میں 25 اسٹوڈیو البمز جاری کیے اور دنیا بھر میں 3 کروڑ سے زائد ریکارڈ فروخت کیے۔
وہ بلیوز، پاپ، سول اور سوفٹ راک کے امتزاج پر مبنی منفرد انداز کے لیے جانے جاتے تھے جس نے انہیں برطانوی موسیقی میں ایک الگ مقام دلایا۔
اپنے کیریئر میں انھیں مسلسل کامیابیاں ملیں۔ جن میں برطانیہ کے ٹاپ ٹین میں شامل ہونے والے چھ مسلسل البمز شامل ہیں ان میں سے بھی دو المبز اوّل پوزیشن تک پہنچے تھے۔
وہ اپنے پسماندگان میں اہلیہ جون اور دو بیٹیاں جوزفین اور جولیا چھوڑ گئے۔
آسمانِ موسیقی کے ستاروں نے کرس ریا کی موت کو نہ پُر ہونے والا خلا قرار دیتے ہوئے کہا کہ کرس ریا کو برطانوی موسیقی کی ایک منفرد اور بااثر آواز کے طور پر ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔