کراچی میں گرمی اور نمی کا راج، مضافاتی علاقوں میں ہلکی بارش کی پیشگوئی

0 minutes, 0 seconds Read

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے، جبکہ شہر کے مضافاتی علاقوں میں کہیں کہیں ہلکی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بحریہ ٹاؤن، گڈاپ اور ایم نائن موٹروے کے اطراف بادل چھا سکتے ہیں، جہاں لوکل ڈیولپمنٹ کے اثرات کے تحت رم جھم کا امکان ہے۔

شہر بھر میں گرمی اور ہوا میں نمی کی زیادتی سے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔ کراچی کا موجودہ درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ گرمی کی شدت 33 ڈگری تک محسوس کی جا رہی ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج شہر کا درجہ حرارت زیادہ سے زیادہ 35 سے 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔ شہر کا موسم اس وقت صاف اور تیز دھوپ کے باعث گرم ہے، جبکہ ہوا مغربی سمت سے 14 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہے۔

ہوا میں نمی کا تناسب 69 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے باعث حبس کی کیفیت میں اضافہ ہوا ہے۔ تاہم، مضافاتی علاقوں میں متوقع بارش سے موسم کچھ دیر کے لیے خوشگوار ہو سکتا ہے۔

محکمہ موسمیات نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ گرمی سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں۔

Similar Posts