پاکستان اسٹاک ایکسچینج مثبت معاشی اصلاحات کے باعث دنیا کی بہترین کارکردگی دکھانے والی مارکیٹوں میں شامل ہو چکی ہے۔ دسمبر 2025 کے وسط تک KSE-100 انڈیکس 1 لاکھ 71 ہزار 500 پوائنٹس کی ریکارڈ سطح عبور کر چکا ہے۔
یہ اعشاریے ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کے بڑھتے ہوئے اعتماد کی واضح عکاسی کرتے ہیں۔ جنوری 2025 سے اب تک پاکستان اسٹاک ایکسچینج نے امریکی ڈالر میں 47 فیصد اور پاکستانی روپے میں 48 فیصد شاندار ریٹرن دیا ہے۔
گزشتہ دو برسوں میں مجموعی طور پر 300 فیصد تک منافع ریکارڈ کیا گیا۔ اسی غیر معمولی کارکردگی کے باعث اسٹاک ایکسچینج عالمی سطح پر صفِ اول کی اسٹاک مارکیٹس میں شمار ہو رہی ہے۔
اس کامیابی کے پس منظر میں مائیکرو اکنامک استحکام، معاشی اصلاحات کا تسلسل اور ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کے اعتماد کی بحالی بنیادی عوامل ہیں۔ پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں ایکویٹی سرمایہ کاروں کی تعداد بڑھ کر 4 لاکھ 50 ہزار ہو چکی ہے۔ جون 2024 سے نومبر 2025 کے دوران 1 لاکھ 20 ہزار نئے سرمایہ کار شامل ہوئے، جو مجموعی سرمایہ کار بنیاد میں 37 فیصد اضافہ ہے۔