عاقب جاوید نے یہ بات پی سی بی کے آفیشل چینل پر اپلوڈ ہونے والی ایک پوڈکاسٹ میں کہی ، پوڈ کاسٹ میں انہوں نے پاکستان کرکٹ کے مستقبل، ہائی پرفارمنس ڈھانچے، تربیتی پروگرامز اور دیگر پہلوں پر بھی پر بات کی۔
انہوں نے بتایا کہ پی سی بی کا اوورسیز پلیئرز کے لیے پروگرام دنیا بھر کے کھلاڑیوں کو پاکستان میں کوچنگ اور ٹریننگ کے مواقع فراہم کرتا ہے۔ اس پروگرام کے تحت حال ہی میں نیدرلینڈز اور انگلینڈ کے کھلاڑی بھی پاکستان آئے۔
عاقب نے کہا کہ جب تک ہم خود کو چیلنج نہیں کریں گے، ہمیں معلوم نہیں ہوگا کہ بین الاقوامی سطح پر ہم کہاں کھڑے ہیں، ہمارے کوچز اور ہمارے نظام کتنے مضبوط ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس پروگرام کے تحت ہمیں بھارت سے فاسٹ بولرز کی رہنمائی کے لیے کالز موصول ہوئی ہیں۔
پوڈکاسٹ کے میزبان نے تبصرہ کیا کہ عام طور پر بھارتی اور پاکستانی کھلاڑی ایک دوسرے سے مصافحہ بھی نہیں کرتے جس پر عاقب جاوید نے ہنستے ہوئے کہا کہ عام لوگ مختلف سوچتے ہیں جبکہ بیوروکریسی (انتظامیہ) کچھ اور انداز اختیار کرتی ہے۔