پنسلوانیا کے نرسنگ ہوم میں آگ اور دھماکا، متعدد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات

امریکی ریاست پنسلوانیا میں واقع ایک نرسنگ ہوم میں آگ لگنے اور دھماکے کے نتیجے میں متعدد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔

مقامی حکام کے مطابق امدادی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

پنسلوانیا ایمرجنسی مینجمنٹ ایجنسی کی ترجمان رتھ ملر نے میڈیا کو بتایا کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق کچھ افراد عمارت کے اندر پھنسے ہوئے تھے، جس کے باعث صورتحال مزید تشویشناک ہو گئی۔

بکس کاؤنٹی کے عہدیدار جم او میلی کے مطابق نرسنگ ہوم کی عمارت کا ایک حصہ منہدم ہو گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ صورتحال پر قابو پانے کے لیے پنسلوانیا اور نیو جرسی کی متعدد ایجنسیاں مشترکہ طور پر امدادی کارروائیوں میں حصہ لے رہی ہیں۔

حکام کے مطابق ابتدائی شواہد سے ظاہر ہوتا ہے کہ دھماکا گیس لیکج کے باعث پیش آیا، تاہم واقعے کی حتمی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔

دوسری جانب امریکی نشریاتی ادارے سی این این نے مزید تفصیلات کے لیے مقامی حکام سے رابطہ کیا ہے۔

یہ واقعہ سلور لیک نرسنگ ہوم میں پیش آیا جو فلاڈیلفیا سے تقریباً 20 میل شمال مغرب میں برسٹل ٹاؤن شپ میں واقع ہے۔

پنسلوانیا کے گورنر جوش شاپیرو نے کہا ہے کہ انہیں واقعے سے آگاہ کر دیا گیا ہے اور وہ مقامی حکام سے مسلسل رابطے میں ہیں، تاہم انہوں نے صورتحال سے متعلق مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔

گورنر جوش شاپیرو نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ جائے وقوعہ پر صورتحال اب بھی سنگین ہے اور قریبی علاقوں کے رہائشی مقامی حکام کی ہدایات پر عمل کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ اور ان کی اہلیہ لوری برسٹل کمیونٹی کے لیے دعا گو ہیں۔

Similar Posts