دبئی کے مشہور فائیو اسٹار ووکو بوننگٹن ہوٹل کے ایک کمرے میں روسی فلائٹ اٹینڈنٹ انستسیا کی لاش برآمد ہوئی۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق اس کے جسم پر پندرہ سے زائد گہرے زخم پائے گئے جو خنجر کے وار سے لگے تھے۔ واقعے نے مقامی اور بین الاقوامی سطح پر شدید توجہ حاصل کی ہے۔
پچیس سالہ انستسیا روسی ایئرلائن ”پو بیڈا“ سے وابستہ تھیں۔ چند روز قبل وہ معمول کے آرام کے لیے دبئی پہنچی تھیں، مگر ان کا یہ قیام جان لیوا ثابت ہوا۔ پولیس تحقیقات کے مطابق قتل کا الزام اس کے سابق شوہر البرٹ مورگن پر ہے، جو مبینہ طور پر اناستاسیا پر غیر اخلاقی سرگرمیوں کا شبہ کر کے دبئی پہنچا۔
تفصیلات بتاتی ہیں کہ 41 سالہ البرٹ موگن نے ہوٹل میں داخل ہونے کے لیے خود کو مہمان ظاہر کیا، لانڈری سے ایک چادر لی، اور نادانستہ طور پر ایک ملازمہ سے کمرے کا دروازہ کھلوایا۔ ابتدائی منصوبہ یہ تھا کہ وہ اناستاسیا پر سبز رنگ انڈیلے اور اس کے بال کاٹ کر اسے سبق سکھائے، مگر مکالمہ شدید جھگڑے میں بدلا اوراختتام خوفناک انجام پر ہوا۔

قتل کے بعد ملزم دبئی سے فرار ہو کر روس پہنچ گیا۔ دبئی پولیس نے ہوٹل کے سی سی ٹی وی کی مدد سے اس کی شناخت کر کے روسی حکام کو مطلع کیا۔ چند گھنٹوں بعد اس کی گرفتاری سینٹ پیٹرز برگ میں عمل میں آئی۔ اطلاعات کے مطابق گرفتاری کے بعد ملزم نے عدالت سے درخواست کی کہ اسے جیل کے بجائے یوکرین کے محاذ پر بھیجا جائے؛ تاہم عدالت نے یہ درخواست مسترد کرتے ہوئے اسے دو ماہ کے لیے حراست میں رکھنے کا حکم دیا۔
روسی میڈیا کا کہنا ہے کہ جوڑا دو سال قبل شادی کے بندھن میں بندھا تھا، مگر تعلقات جلد ہی بگڑ گئے۔ گھریلو جھگڑوں اور شکایتوں کی ایک تاریخ موجود تھی، جنہیں اناستاسیا نے بعد میں واپس لے لیا تھا۔
واقعے نے دبئی سمیت بین الاقوامی سطح پر توجہ حاصل کی ہے۔ حکام کے مطابق تحقیقات جاری ہیں تاکہ واقعے کے تمام پہلوؤں اور محرکات کو مکمل طور پر واضح کیا جا سکے۔ روسی اور اماراتی حکام اس معاملے میں باہمی تعاون کر رہے ہیں۔