سپریم کورٹ آف پاکستان نے 9 مئی کے واقعات سے متعلق مختلف مقدمات کی سماعت کے لیے تاریخیں مقرر کر دی ہیں۔ عدالتِ عظمیٰ کی جانب سے جاری شیڈول کے مطابق پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماؤں اور کارکنوں کی اپیلوں پر آئندہ ہفتے سماعت ہوگی۔
عمر سرفراز چیمہ کی جسمانی ریمانڈ نہ دیے جانے کے خلاف اپیل 14 اپریل کو سنی جائے گی، جب کہ سینیٹر اعجاز چوہدری کی ضمانت کی درخواست پر سماعت 15 اپریل کو ہوگی۔ اسی روز سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی ضمانت منسوخی سے متعلق دائر اپیل پر بھی سماعت ہو گی، جو نگران خیبرپختونخوا حکومت نے 2023 میں دائر کی تھی۔
چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں تین رکنی بینچ ان مقدمات کی سماعت کرے گا۔ بینچ پی ٹی آئی کے درجنوں دیگر رہنماؤں اور کارکنوں کی ضمانت منسوخی کی اپیلوں پر بھی غور کرے گا۔
یاد رہے کہ 9 مئی 2023 کو سابق وزیراعظم عمران خان کی گرفتاری کے بعد ملک بھر میں پرتشدد مظاہرے ہوئے تھے جن کے مقدمات تاحال عدالتوں میں زیر التوا ہیں۔