وزیرداخلہ سندھ ضیاالحسن لنجار نے کہا کہ سندھ میں این سی سی آئی اے طارق نواز کی سربراہی میں کام کر رہی ہے اور 18 دسمبر کو ایک کال سینٹر پر چھاپہ مارا گیا جہاں غیر ملکی باشندوں کو پکڑا گیا جو غیر قانونی کال سینٹر چلارہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ غیر ملکی باشندے اندرون ملک اور بیرون ملک لوگوں کے ساتھ فراڈ کررہے تھے اور کال سینٹر پر چھاپہ مار کر 15 غیر ملکی باشندے اور 19 مقامی افراد کو گرفتار کیا گیا، غیر ملکیوں میں 12 مرد اور تین خواتین شامل ہیں۔
صوبائی وزیرداخلہ نے کہا کہ ملزمان 60 ملین ڈالر کے برابر ٹرانزیکشن کررہے تھے تاہم ان کی گرفتاری این سی سی آئی اے کی بڑی کامیابی ہے۔
ضیاالحسن لنجار نے کہا کہ کال سینٹرز پرفراڈ کی کافی شکایات موصول ہوئی تھیں اور اس کال سینٹرز میں منشیات کا استعمال بھی ہو رہا تھا۔