میسی صدی کے عظیم ترین کھلاڑی بن گئے؛ رونالڈو کا نمبر کیا رہا؟

فٹبال کے عالمی سپر اسٹار لیونل میسی کو اکیسویں صدی کا بہترین ایتھلیٹ قرار دے دیا گیا۔

کینیڈا کے معروف اخبار لی ژورنال دے کیوبک کی جانب سے جاری کی گئی باوقار عالمی درجہ بندی میں میسی نے تمام کھیلوں کے نامور ستاروں کو پیچھے چھوڑتے ہوئے پہلی پوزیشن حاصل کرلی۔

یہ فہرست اکیسویں صدی کے پہلے پچیس برس مکمل ہونے کے موقع پر تیار کی گئی جس میں مختلف کھیلوں سے تعلق رکھنے والے 25 عظیم کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا۔ 

اس فہرست میں میسی کے بعد دوسرے نمبر پر امریکی فٹبالر لیجنڈ ٹام بریڈی رہے جب کہ تیسرے نمبر پر اولمپکس کی تاریخ کے سب سے کامیاب ایتھلیٹ امریکی تیراک مائیکل فیلپس رہے۔

خواتین ٹینس کی عظیم کھلاڑی سرینا ولیمز چوتھے، تیز ترین انسان یوسین بولٹ پانچویں اور باسکٹ بال سپر اسٹار لیبرون جیمز چھٹے نمبر پر رہے۔

میسی کے دیرینہ حریف اور پرتگال کے فٹبال اسٹار کرسٹیانو رونالڈو اس فہرست میں دسویں نمبر پر آئے۔ ان سے آگے نوواک جوکووچ، سیمون بائلز اور آنجہانی کوبی برائنٹ کو رکھا گیا۔

فہرست میں کھیلوں کے دیگر عظیم نام بھی شامل ہیں، جن میں ٹائیگر ووڈز، راجر فیڈرر، رافیل نڈال، اسٹیفن کری، لیوس ہیملٹن، مائیکل شوماخر، شوہے اوہتانی اور مارٹا شامل ہیں۔

یاد رہے کہ لیونل میسی اس وقت امریکی کلب انٹر میامی اور ارجنٹائن کی قومی ٹیم کے کپتان ہیں۔ انہوں نے 2022 میں قطر میں ہونے والا فٹبال ورلڈ کپ جیت کر اپنے کیریئر کا سب سے بڑا خواب پورا کیا۔

میسی نے رواں ماہ ہی انٹر میامی کو اپنی تاریخ کی پہلی میجر لیگ سوکر چیمپئن شپ بھی دلائی۔ اس دوران انہیں گولڈن بوٹ اور مسلسل ایم وی پی ایوارڈز سے بھی نوازا گیا۔

کلب فٹبال میں میسی نے بارسلونا کے ساتھ 10 بار لا لیگا اور 4 مرتبہ یوئیفا چیمپئنز لیگ جیتی، جبکہ پیرس سینٹ جرمین کے ساتھ بھی نمایاں کامیابیاں حاصل کیں۔

ان کی شاندار اور مسلسل کارکردگی نے انہیں جدید فٹبال کا سب سے بڑا نام بنا دیا ہے۔ میسی کا انٹر میامی کے ساتھ معاہدہ 2028 تک ہے۔

 

Similar Posts