پی ٹی آئی کی موجودہ قیادت میں اہلیت نہیں اور ان کی کوئی اہمیت بھی نہیں ہے، فواد چوہدری

سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا ہے کہ مذاکرات کے لیے اشارہ نہیں ہے لیکن اشارہ ہونا چاہیے اور اگر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی پوزیشن بدلنی ہے تو حکومت کو بھی اپنی پوزیشن بدلنی ہو گی جبکہ پی ٹی آئی کی موجودہ قیادت میں اہلیت نہیں اور نہ ہی ان کی کوئی اہمیت ہے۔

ایکسپریس نیوز کے پروگرام ‘سینٹر اسٹیج’ میں گفتگو کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر اور نیشنل ڈائیلاگ کمیٹی کے سربراہ فواد چوہدری نے کہا کہ مذاکرات کے لیے اشارہ نہیں ہے لیکن اشارہ ہونا چاہیے کیونکہ جب مل بیٹھتے ہیں تو نئے راستے تب ہی کھلتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی پوزیشن بدلنی ہے تو حکومت کو اپنی پوزیشن بھی بدلنی ہوگی، بانی پی ٹی آئی کی سیاسی اہمیت ختم نہیں ہو رہی ہے، پاکستان کو جامع مذاکرات کی ضرورت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی موجودہ لیڈر شپ کی کوئی اہمیت نہیں ہے، اہمیت بانی پی ٹی آئی اور کوٹ لکھپت میں قید 5 اسیران کی ہے، شاہ محمود قریشی سمیت دیگر کو پے رول پر رہا کریں، اس سے مذاکرات سنجیدگی سے آگے بڑھیں گے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ پی ٹی آئی کی موجود لیڈر شپ میں کوئی اہلیت نہیں اور موجودہ لیڈر شپ تو آگ کو مزید بڑھانے کو تیار ہے اور ان کی اہمیت اسی صورت حال میں ہے۔

انہوں نے کہا کہ عام پاکستانی اس ساری صورت حال میں متاثر ہو رہا ہے۔

Similar Posts