بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق وینکٹیش نامی شخص نے اپنی بیوی تروینی پر پیٹرول چھڑک کر آگ لگا دی۔ میاں بیوی نے پسند کی شادی کی تھی اور ان کے دو بچے تھے۔ اہلِ خانہ کے مطابق شوہر کو اپنی بیوی پر شک تھا، جس کے باعث دونوں کے درمیان اکثر جھگڑے رہتے تھے۔
رپورٹس کے مطابق تروینی شوہر کے رویے سے تنگ آکر کچھ عرصہ والدین کے گھر چلی گئی تھی، تاہم وینکٹیش اسے منا کر واپس گھر لے آیا۔ چند دن بعد دونوں کے درمیان دوبارہ جھگڑا ہوا جو شدت اختیار کر گیا اور شوہر نے انتہائی قدم اٹھاتے ہوئے بیوی کو آگ لگا دی۔
واقعے کے دوران بیٹی نے اپنی ماں کو بچانے کی کوشش کی تو ملزم نے اسے بھی آگ کی لپیٹ میں دھکیل دیا، جس سے وہ جھلس گئی۔ چیخ و پکار سن کر پڑوسی موقع پر پہنچے اور ماں بیٹی کو اسپتال منتقل کیا، تاہم تروینی شدید جھلسنے کے باعث جانبر نہ ہو سکی۔
پولیس کے مطابق واقعے کے بعد ملزم فرار ہو گیا تھا، تاہم 12 گھنٹے کی تلاش کے بعد اسے گرفتار کر لیا گیا ہے۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔