جسدِ خاکی وصول کرنے کے لیے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے رہنما کراچی اولڈ ٹرمنل پہنچے، جہاں مرحومہ کے لیے دعائے مغفرت کی گئی۔ اس موقع پر پارٹی رہنماؤں نے اہلِ خانہ سے اظہارِ تعزیت کیا اور دکھ کی اس گھڑی میں مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔
میت وصول کرنے والوں میں ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر رہنما ڈاکٹر فاروق ستار، اراکینِ مرکزی کمیٹی اور سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر علی خورشیدی بھی شامل تھے۔ عمران فاروق کی اہلیہ کی میت پی آئی بی کالونی کے سرد خانے میں رکھی گئی ہے۔
ایم کیو ایم رہنما ارشد وہرا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج ڈاکٹر فاروق ستار کی سربراہی میں متحدہ قومی موومنٹ کے تمام ایم این ایز، ایم پی اے اور ذمہ داران ایئرپورٹ پر آئے، عمران فاروق کی اہلیہ شمائلہ باجی کی ڈیڈ باڈی وصول کی۔
انہوں نے بتایا کہ ان کی فیملی کے ساتھ گزشتہ روز ان کا جسد خاکی کل آنا تھا لیکن فلائٹ کی وجہ سے آج پہنچا، انہوں نے کہا کہ ظہر میں رحمانیہ مسجد طارق روڈ پر ان کی نماز جنازہ ہے تمام لوگوں سے گزارش ہے کہ ان کے لیے دعائے مغفرت کریں۔