کراچی کے علاقے کورنگی انڈسٹریل ایریا میں بین الاقوامی فوڈ چین پر نامعلوم افراد کے حملے نے علاقے میں خوف و ہراس پھیلا دیا، جس پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ہنگامہ آرائی میں ملوث متعدد افراد کو گرفتار کر لیا۔
ایس ایس پی کورنگی طارق نواز اور ایس ایچ او کورنگی انڈسٹریل ایریا واقعے کی اطلاع ملتے ہی جائے وقوعہ پر پہنچے۔
ایس ایس پی کورنگی کے مطابق، پولیس نے موقع پر شدید لاٹھی چارج کیا جس کے نتیجے میں 10 افراد کو حراست میں لیا گیا، جن میں سے 6 سے زائد افراد کو موقع پر ہی دھر لیا گیا۔
ایس ایس پی طارق نواز کا کہنا تھا کہ ریسٹورنٹ پر تعینات پولیس موبائل کے افسر نے فوری طور پر سمجھداری کا مظاہرہ کیا، جبکہ سب انسپکٹر نے دھاوا بولنے والوں کو مذاکرات میں مصروف رکھا، جس سے مزید بگاڑ سے بچا جا سکا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ حراست میں لیے گئے افراد سے تفتیش جاری ہے اور واقعے کی وجوہات جاننے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ ریسٹورنٹ کو لاحق خطرے کو بروقت کارروائی کے ذریعے ٹال دیا گیا، اور فی الحال صورتحال قابو میں ہے۔