موصولہ اطلاعات کے مطابق اسکاٹ لینڈ کے شہر ایڈن برگ میں جاری چیمپیئن شپ کے بوائز انڈر 15 ایونٹ میں ٹاپ سیڈ محمد سہیل عدنان نے سیمی فائنل میں سیڈ 3 قطر کے عمر فراغ کو آسانی کے ساتھ 0-3 سے شکست دے کر ٹائٹل پر نظریں مرکوز کر دیں۔
محمد سہیل عدنان نے اپنے حریف کے خلاف پہلے گیم میں 3-11 سے کامیابی پانے کے بعد دوسرے گیم میں 4-11 فتح حاصل کی اور پھرتیسرا گیم بھی 4-11سے جیتا۔
منگل کو فائنل میں ان کا مقابلہ چین کے یوان زی لیو سے ہوگا۔
اس سے قبل مصطفی خان نے کوارٹر فائنل میں اپنے ہم وطن محمد بن عاطف کو شکست دی تھی، پاکستان کے دوسرے کھلاڑی محمد مصطفیٰ خان نے بوائز انڈر 13 ایونٹ کے سیمی فائنل میں ٹاپ سیڈ کھلاڑی ملائشیا کے احمد نظرل کو 0-3 سے ہرا کر اپ سیٹ کیا۔
مصطفی خان نے اپنے حریف کے خلاف پہلا گیم 4-11،دوسرا گیم 6-11 اور تیسرا گیم 5-11 سے جیتا، فائنل میں ان کا مقابلہ سیڈ ٹو ہانگ کانگ، چائنا کے نکولس من سو چو سے ہوگا۔
واضح رہے کہ پاکستان اسکواش فیڈریشن کی جانب سے دستبرداری کے باوجود ایک درجن سے زائد قومی کھلاڑی اسکاٹش جونیئر اوپن اسکواش چیمپین شپ میں شریک ہیں۔
عمروں میں شک کے سبب کھلاڑیوں کی کیٹگریز تبدیل کرنے پر پاکستان اسکواش فیڈریشن نے یو ایس جونیئر اوپن، اسکاٹش جونیئر اور برٹش جونیئر اوپن اسکواش چیمپین شپ سے دستبردار ہونے کا فیصلہ کیا تھا۔
قبل ازیں متعدد کھلاڑیوں نے فیڈریشن کے حکم کے برخلاف یو ایس جونیئر اوپن اسکواش چیمپین شپ میں بھی شرکت کی تھی۔